پی پی پی اور ایم کیو ایم نے عوام دشمن رویہ اختیار کیا ‘ لیاقت بلوچ

وفاقی حکومت نے بھی عدم حکمت سے حالات کو اور زیادہ خرابی کی جانب دھکیل دیا ہے‘میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی ایکشن پلان اور کراچی ٹارگٹڈ آپریشن پر عملدرآمد کے بعد حالات بہت بہتری کی طرف گامزن تھے ، عوام نے سکھ کا سانس لیا لیکن پی پی پی اور ایم کیو ایم نے عوام دشمن رویہ اختیار کیا ، کرپٹ اور جرائم میں ملوث افراد کی سرپرستی کے لیے بے بنیاد شور شرابا سے حالات کو پھر سے بے یقینی کا شکار کر دیا ہے ،وفاقی حکومت نے بھی عدم حکمت سے حالات کو اور زیادہ خرابی کی جانب دھکیل دیا ہے ، پیپلز پارٹی کی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خا ن کے خلاف محاذ آرائی خاص مقاصد کے لیے ہے ، عوام کرپشن ، غربت اور دہشتگردی کا خاتمہ چاہتے ہیں ۔

ملک اب کرپٹ اور دہشتگردوں کے سرپرستوں سے کمپرومائزکا متحمل نہیں ہوسکتا ۔

(جاری ہے)

کراچی ، حیدر آباد اور کوئٹہ سے لاہور واپسی پر رابطہ دفتر میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان میں نئی صوبائی حکومت کے لیے بڑا چیلنج ہے کہ صوبہ کے معاشی ، سیاسی اور امن عامہ کے مسائل حل کرے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی کونسل کوئٹہ کے قائدین نے آگاہ کیا ہے کہ بدامنی پھر سے سر اٹھارہی ہے اور کاروباری طبقہ از سر نو عدم تحفظ کاشکار ہے ۔

عوام جان ، مال عزت کا تحفظ چاہتے ہیں ۔لیاقت بلوچ نے بلوچستان یوتھ ہاسٹل میں ونٹر سٹڈی کیمپ کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان کا مستقبل اور استحکام طلبہ و نوجوانوں کے ساتھ وابستہ ہے ۔ حکومت گوادر میں ترقی کے لیے طلبہ اور نوجوانوں کو اعتماد دے ۔ گوادر کے عوام کے لیے پینے کے صاف پانی کا مسئلہ حل کیا جائے اور طلبہ کو فنی تعلیم دے کر ترقی کا ہمرکاب بنایا جائے ۔