Live Updates

گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی ملاقات

ملکی کی سیاسی صورتحال،جنوبی پنجاب میں ہونیوالے حالیہ بلدیاتی انتخابات سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال

ہفتہ 30 جنوری 2016 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں ملکی کی سیاسی صورت حال،جنوبی پنجاب میں ہونے والے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ساتھ اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی حقیقت میں عوام کے حکومت پر اعتماد کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صدق دل سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہے اور جتنے ترقیاتی کام اس دور میں شروع ہوئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے طول و عرض میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کردیا گیا ہے خصوصا جنوبی پنجاب میں میٹرو بس سروس، تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت کی اقتصادی پالیسیوں کی بدولت ملک اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی بدولت بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزادچیئرمینزکی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور ہماری تمام تر پالیسیوں کا محور صرف اور صرف عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا مشن جاری رکھا جائے گا۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو مسترد کر کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ سیاسی طور پر باشعور ہیں۔ انہوں نے جنوبی پنجاب سے کامیاب ہونے والے چیئرمینز کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کو بھی خوش آئند قرار دیا۔ قبل ازیں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں جاپان کے سفیر ہیروشی اینوماتا نے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ آج دُنیا میں وہی قوم ممتاز نظر آئے گی جو معاشی طور پر مستحکم ہو، یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت وطن عزیز کو اقتصادی اور معاشی میدان میں کامیاب کرنے کے لئے عملی طور پر کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء والے پاکستان سے کہیں زیادہ مضبوط اور خوشحال ہے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کا یہ صفر جاری رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے گہرے دروازے موجود ہیں جنہیں مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انجینئرنگ ، انفراسٹرکچر اور تعمیرات کے شعبوں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی جاپان کا تعاون مثالی ہے ۔گورنر پنجاب نے پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارتی شعبے میں بھی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہئے۔ اس موقع پرجاپان کے سفیر ہیروشی اینوماتانے کہا کہ ان کے ملک کو پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر ناز ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات