Live Updates

پی ٹی آئی سندھ میں عوام کو پی پی کا اصل چہرہ دکھائے گی، سندھیوں کو بتائینگے کہ پی پی اور(ن) لیگ نے ہردور میں قوم کاوقت اور پیسہ کیسے برباد کیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کابیان

ہفتہ 30 جنوری 2016 19:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کی بھوک پر سرمایہ دارانہ نظام کا قبضہ ہے ، پی ٹی آئی عام سندھی کو پی پی کا اصل چہرہ دکھائے گی ۔تھر کی بھوک سے حکمرانوں کے مفادات وابستہ ہیں، سندھ اسمبلی میں تھرپارمیں معصوم بچوں کی اموات کی روک تھام کے حوالے سے بات چیت کو مذاق اور دلچسپ تبصروں سے آگے بڑھنے ہی نہیں دیا جاتاکیونکہ سندھ حکومت تھر کی غربت کو فروخت کرکے اپنی عیاشیوں کاسامان بنانے میں مصروف ہے، آج ان دونوں جماعتوں کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیانات نے قوم کے سامنے ان کی قلعی بھی کھول دی ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ لوگ امن اور اس ملک میں بسنے والے غریبوں کے دشمن ہیں ان لوگوں نے قدم قدم پرنیشنل ایکشن پلان کی راہ میں روڑے اٹکائے ہیں کیونکہ ان کی نظر میں اس عوام کی جانب سے ستر ہزار قربانیوں کی کوئی قیمت نہیں ہے یہ عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں ،ایک دوسرے کے خلاف مک مکا اور دیگرالزام تراشیاں کرنا ان کا پرانا وطیرہ ہے حقیقت میں یہ لوگ اپنا اور اس قوم کا وقت برباد کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد علی سوسائٹی کراچی میں قائم تحریک انصاف کے سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی اور لاقانونیت کے ہاتھوں اس قدر مجبور کردیاگیا ہے کہ وہ کچھ بولنے کے قابل بھی نہیں ہیں اس قدر مشکلات ڈالی جارہی ہیں کہ جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ اس حکومت نے اگر باقی کے سال مکمل کرلیے تو یہ عوام سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر رہنے پر مجبور ہوگی کیونکہ اس مہنگائی کی وجہ سے ان کا سب کچھ بک چکا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرخزانہ صاحب اپنے پہلے روز سے ہی اس ملک پر قرضے پر قرضہ چڑھا رہے ہیں آئے روزنئے ٹیکسوں کو لگا کرعوام کی بھلائی کی نوید سناجاتے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات