وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ،لاہور سمیت بڑے شہروں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے سرسبز بنانے کے پلان پر پیش رفت کا جائزہ

پنجاب حکومت نے شہبازشریف کی قیادت میں ہارٹیکلچرکو فروغ دے کر،شہروں کو پھولوں کے ذریعے خوبصورت بنایا ہے :خواجہ سعد رفیق

Zeeshan Haider ذیشان حیدر ہفتہ 30 جنوری 2016 18:40

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 30 جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت گزشتہ روزاعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور سمیت صوبے کے بڑے شہروں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے سرسبز بنانے کے پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیااور رنگ روڈ کے قریب ڈیرہ گجراں میں کلچرل پویلین بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبے بھر میں منصوبوں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے خوبصورت اور دیدہ زیب بنارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت پودے لگانے کے ساتھ ان کی دیکھ بھال بھی ضروری ہے اوراس مقصد کیلئے موثر اقدامات ہونے چاہئیں۔سڑکوں کے ساتھ جہاں مناسب جگہ موجود ہے وہاں گرین بیلٹس بنائی جائیں اوریہ گرین بیلٹس اس انداز سے بنائی جائیں کہ راستے تنگ نہ ہوں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہروں کو پودوں اورپھولوں سے مزین کرکے خوبصورت بنانے پر توجہ دی جائے۔

اورنج لائن میٹروٹرین کے روٹ پر ہارٹیکلچر کا جامع پلان مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک پر گرین بیلٹس بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے ۔ ڈرینوں کے دونوں جانب سڑکوں کے اردگردہارٹیکلچر کے حوالے سے پلان مرتب کیا جائے اوراس ضمن میں ایل او ایس ڈرین کے ماڈل کو اپنا یا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہورمیں فارسٹ پارک کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی کاکام جلد مکمل کیا جائے اور صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں بھی فارسٹ پارکس کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں بھی کلچرل پویلین بنانے کی منصوبہ بندی کر کے تجاویز پیش کی جائیں اور بڑی سڑکوں کے ساتھ نجی و سرکاری عمارتوں کی دیواروں کو ہارٹیکلچر کے ذریعے خوبصورت بنانے کا کام تیزکیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ٹھوکر نیاز بیگ سے جلوتک نہر کے دونوں جانب پکنک پوائنٹس اوربچوں کے لئے تفریحی سہولتوں کے مقامات بنانے کیلئے جامع پلان مرتب کر کے پیش کیا جائے۔

وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت نے شہبازشریف کی قیادت میں صوبے میں ہارٹیکلچرکو فروغ دیا ہے ۔ لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں کو آپ نے پھولوں کے شہر بنادیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شاہدرہ سے رائیونڈ تک ریلوے ٹریک پر گرین بیلٹس بنانے کیلئے محکمہ ریلویز ہر ممکن تعاون کرے گا۔ خواجہ احمد حسان،سیکرٹری جنگلات،وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد ،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی جی پی ایچ اے ،ایم ڈی واسا،سی ای او لیسکو،ایم ڈی نیسپاک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق خصوصی طور پر اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :