وزیراعظم نوازشریف کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5روپے فی لیٹر کمی کا اعلان

ہفتہ 30 جنوری 2016 14:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30 جنوری۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا احساس ہے، مہنگائی کم کر رہے ہیں،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو براہ راست پہنچے گا ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے اشیائے ضروریہ بھی سستی ہوئیں،آلو80کا تھاجواب 5 فی روپے فی کلو پر آ گیا ہے،حکومت سنبھالی تو خزانہ خالی ملا،اب زر مبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح پر ہیں، بھارت سے معاملات اچھے طریقے سے چل رہے تھے، پٹھان کوٹ حملے نے مذاکراتی عمل کو ٹھیس پہنچائی، اگر حملے میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی تو تہہ تک پہنچ کر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،جو بھی ہو کراچی میں مکمل امن قائم ہونے تک رینجرز موجود رہے گی،نیشنل ایکشن پلان کے نکات پر عمل نہیں ہو رہا، جس پر عملدرآمد کیلئے کوششیں جاری ہیں، بجلی پیدا ہو کرقومی نظام میں شامل ہونا شروع ہو گئی ہے،معیشت کا پہیہ بھی چل پڑا، پاکستان جلد اقتصادی منزل پر پہنچ جائے گا،ایران اور سعودی عرب میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے خود ثالثی کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا،آپریشن ضرب عضب کے نتائج قوم کے سامنے ہیں، دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو سابق ضلع ناظم میاں عامر محمود سے ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے مرحوم میاں ظہور الحق کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی، میاں عامر محمود کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بھارت سے معاملات اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے تھے ، ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں بھارت کی وزیرخارجہ نے شرکت کی ، بعد میں نریندر مودی بھی آئے ، پٹھان کوٹ حملے نے مذاکرات کے عمل کو ٹھیس پہنچائی، پٹھان کون واقعے کی تحقیقات ہو رہی ہیں، بہت جلد تفتیش کے نتائج قوم کے سامنے آ جائیں گے، پٹھان کوٹ واقعہ پر ہمارا فرض بنتا تھا کہ اگر پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے تو اس کی تہہ تک جایا جائے اور اگر ایسا ہوا ہے تو مجرموں کو کیفرکردار تک بھی پہنچائیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے کامیاب نتائج پوری قوم کے سامنے ہیں، آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی، دہشت گرد حالیہ واقعات سے اپنی موجودگی ظاہر کرنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں میں یہ سکت بھی ختم کر دی جائے گی، ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے ایران اور سعودی عرب میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے خود آگے بڑھ کر ثالثی کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا،بین الاقوامی برادری میں سعودی اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کیلئے ہماری کوشوں کو سراہا گیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کے خاتمے کیلئے دونوں ملکوں کے دورے کئے۔

وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، ڈیزل، مٹی کے تیل میں 5,5روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو براہ راست پہنچایا جائے گا، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے اشیائے ضروریہ بھی سستی ہوئیں،آلو جو کبھی 80 کا تھا اب 5روپے فی کلو ہے،ملک کے اندرترقی کا عمل بڑی تیزی سے شروع ہو چکا ہے، بجلی پیدا ہو کرقومی نظام میں شامل ہونا شروع ہو چکی ہے،جس سے معیشت کا پہیہ بھی چلنے لگا ہے، افراط زر2فیصد تک نیچے آگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ جب حکومت سنبھالی تو بے پناہ مسائل تھے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب تھی، ملک میں آئے روز دھماکے ہوتے تھے، اب پچھلے دو سالوں میں ان سب واقعات میں خاطر خواہ کمی آئی ہے، دہشت گردی آخری سانسیں لے رہی ہے، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، ملکی ترقی اور مثبت معاشی اقدامات کا میں نہیں کہتا،دنیا بھر کا میڈیا اور ادارے ایسا کہہ رہے ہیں، قوم کو اچھی خبریں دے رہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 2013کی نسبت آج کا پاکستان زیادہ پرامن اور خوشحال ہے، کراچی کی عوام خود آپریشن کے حق میں اور رینجرز کی موجودگی چاہتی ہے، چاہے جو بھی ہوکراچی میں پوری طرح امن بحال ہونے تک رینجرز موجود رہ کر اپنا فرض نبھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے کچھ نکات پر ٹھیک طرح سے عمل ہو رہا ہے جبکہ کچھ نکات پر عمل کرنے کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں،جب حکومت سنبھالی تو خزانہ خالی ملا،اب ملکی تاریخ میں زرمبادلہ کے ذخائر 21ارب ڈالر کے ریکارڈ سطح پر ہیں، حکومت سنبھالی تو یہی ذخائر 2یا 3 ارب ڈالر سے بھی کم تھے، حکومت کے معاشی اقدامات کی دنیا بھر میں تعریف کی جا رہی ہے، اقتصادی اعشاریے مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں، پاکستان جلد اقتصادی منزل پر پہنچے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔

متعلقہ عنوان :