محکمہ ماحولیات صنعتی یونٹس کیخلاف کوئی ایکشن لینے سے پہلے لاہور چیمبر کو اعتماد میں لے‘ الماس حیدر

ہفتہ 30 جنوری 2016 14:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے محکمہ ماحولیات پنجاب پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتی یونٹس کے خلاف کوئی ایکشن لینے سے پہلے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اعتماد میں لے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر الماس حیدر نے کہا کہ صنعتی شعبے کو بہت سے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے جن کے پیش نظر تمام محکموں کو صنعتی شعبے سے تعاون کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نئی کمپنیوں کو کم از کم تین سال کے لیے محکمہ ماحولیات کے انسپکٹرز کے وزٹ سے چھوٹ دی جائے کیونکہ زیادہ تر نئی فیکٹریاں محکمہ ماحولیات سے این او سی لینے کے بعد کام شروع کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات پنجاب ماحولیاتی معیارات سے ہم آہنگ ہونے کے لیے باون مختلف ٹیکنالوجیز کے متعلق بروشر شائع کرے جبکہ انسپکٹرز کو ہدایت کی جائے کہ وہ صنعتکاروں کو چالان یا سمن بھجوانے سے قبل یہ بروشر بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبہ تمام قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کا خواہشمند ہے لیکن اس کے لیے محکمہ ماحولیات پنجاب کو ایک دوستانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :