گزری میں مبینہ پولیس مقابلہ ‘ سیشن جج جنوبی نے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا

زکریا کو پولیس مقابلے میں نہیں مارا گیا ‘ اسے قتل کیا گیا ہے ‘ درخواست گزار کا موقف

ہفتہ 30 جنوری 2016 14:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء) سیشن جج جنوبی نے کراچی کے علاقے گزری میں مبینہ پولیس مقابلہ میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔سیشن جج جنوبی کی عدالت میں گزری مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان زکریا جنجوعہ کی ہلاکت سے متعلق کیس میں پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی سماعت ہوئی ۔

درخواست زکریا کی والدہ کی جانب سے دائرکی گئی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ زکریا کو پولیس مقابلے میں نہیں مارا گیابلکہ اسے قتل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیے کہ موجودہ شواہد کی بناء پر پولیس اسے مقابلہ ثابت نہیں کرسکی۔پولیس پارٹی پر مقتول کی جانب سے کوئی فائرنگ نہیں کی گئی اور نہ کوئی اسلحہ برآمد ہوا۔زکریا کو یکم جنوری کومبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔

مقابلے میں حصہ لینے والے اہلکاروں میں اے ایس آئی دین محمد،کانسٹیبل مشتاق احمد ‘نورالعین اور سکندر شامل ہیں۔اس کیس میں پولیس نے زکریا کے ساتھی کو بھی گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھاجو جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔عدالت نے زکریا کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

متعلقہ عنوان :