کماد کی کاشت فروری کے پہلے ہفتہ سے شروع کر دی جائے۔ ترجمان محکمہ زراعت

ہفتہ 30 جنوری 2016 14:31

فیصل آباد۔ 30 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جنوری۔2016ء)محکمہ زراعت فیصل آباد نے زمینداروں و کاشتکاروں کو ہدائت کی ہے کہ وہ کماد کی کاشت فروری کے پہلے ہفتے سے لے کر مارچ کے وسط تک کریں اور کاشت کیلئے صحتمند اور بیماریوں سے پاک بیج استعمال کیا جائے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ کماد کی گری ہوئی فصل کا بیج استعمال نہ کیا جائے اور بیج کو پھپھوندی کش زہر کے محلول میں بھگو کر کاشت کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کماد کی سفارش کردہ اقسام کابیج استعمال کیا جائے اور کماد کی اگیتی تیار ہونے والی اقسام سی پی 400۔77،سی پی2086۔ 72،سی پی 33۔43 ، سی پی ایف 243 ، ایچ ایس ایف 240 اور درمیانی تیار ہونے والی اقسام ایس پی ایس جی 26، ایس پی ایف 213اور ایس پی ایف 245 اور پچھیتی تیار ہونے والی قسم سی او جے 84کاشت کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید معلومات یا مشاورت کیلئے محکمہ زراعت کی فری ایگری کلچرل ہیلپ لائن سے بھی استفادہ حاصل کر سکتے ہیں۔