بالی وُڈ اداکار ارباز خان اور اہلیہ ملائکہ اروڑا خان کے مابین علیحدگی کی مبینہ وجہ سامنے آ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 30 جنوری 2016 14:15

بالی وُڈ اداکار ارباز خان اور اہلیہ ملائکہ اروڑا خان کے مابین علیحدگی ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جنوری 2016ء): بالی وُڈ اداکار و ہدایتکار ارباز خان اور ان کی اہلیہ ملائکہ اروڑا خان کے مابین علیحدگی کی خبریں گذشتہ روز سے ہی سوشل میڈا پر گردش کر رہی ہیں۔ تاہم بالی وُڈ کے اس جوڑے کے مابین علیحدگی کی مبینہ وجہ سامنے آ گئی ہے۔ بھارتی ویب سائٹ کے مطابق ملائکہ اروڑا خان اپنے 14 سالہ بیٹے کے ہمراہ بیندرا میں موجود رہائش گاہ منتقل ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملائکہ اروڑا خان ایک برٹش بزنس مین کی محبت میں گرفتار ہو چکی ہیں جس کے پیشٍ نظر ملائکہ اپنے شوہر ارباز خان کے ہمراہ ٹی وی شو ”پاور کپل“ کی میزبانی بھی نہیں کر رہیں۔ فلم کے سیٹ پر موجود ایک ذرائع نے بتایا کہ دسمبر میں شوٹنگ کے آغاز ہی سے اس جوڑے نے علیحدہ کمروں کا مطالبہ کیا تھا اور دونوں کو سیٹ پر ایک دوسرے کے ساتھ بات کرتے ہوئے بھی نہیں دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ بریک کے دوران بھی دونوں اداکار اپنے اپنے کمروں میں چلے جاتے تھے۔ ارباز خان کی بہن ارپیتا کی گود بھرائی کی تقریب میں بھی ملائکہ کی عدم موجودگی ایک سوالیہ نشان ہے۔ اداکار ارباز خان نے ملائکہ اروڑا سے 1998 میں شادی کی تھی۔ اس ضمن میں موقف لینے کے لیے جب ملائکہ اروڑا خان سے رابطہ کیا گیا تو ان کے ترجمان نے ان تمام تر افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مابین بے حد محبت ہے۔ واضح رہے کہ بالی وُڈ حلقوں میں گذشتہ کچھ عرصے سے علیحدگیوں کے رجحانات میں تیز تر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس نے پرستاروں اور مداحوں کو حیران کر دیا۔