الزام لگانے الے ثابت نہ کرسکے تو عدالت سے رجوع کروں گا، خورشید شاہ

ہفتہ 30 جنوری 2016 14:13

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر ہیں صرف وزیراعظم کوجواب د ہ ہیں۔مضحکہ خیز الزامات پر لوگ ہنس رہے ہیں ہوسکتاہے اس پرعدالت بھی جائیں۔سکھر میں اپنی رہائش گاہ پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ قد کے بڑے نظرآنے والے لوگوں کے ذہن بہت چھوٹے ہیں۔

چھوٹی چھوٹی باتوں پر جواب دینا میرا لیول نہیں۔خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ مک مکا دوطرفہ ہوتاہے۔مک مکا کا کہہ کر الزام لگانے والے سمجھ گئے ہیں انہوں نے غلط بات کی ہے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کو پٹرولیم منصوعات پرعوام کو ریلیف دینا چاہیے۔پی آئی اے پر پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ادارے بیچ کرملک نہیں چلایاجاسکتا ،خورشید شاہ نے کہا کہ چوہدری نثار میرے کلیبر کا نہیں ہے اس لیے میں اس کو جواب نہیں دوں گا ، میں وزیر اعظم کے سامنے پارلیمنٹ کو جواب دوں گا اور الزام لگانے والوں پر واضح کروں گا کہ وہ الزام لگائیں اگر وہ الزام ثابت نہیں کر پائے تو عدالت سے رجوع کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا نواز شریف نے سخت وقت دیکھا ہے انہیں حالات پر نظر رکھنی چاہیئے کہ ان کی حکومت میں کیا ہو رہا ہے۔ مجھ پر الزام تراشی کر نے والے ناتجربہ کار ہیں ہم نے ہمیشہ جمہوریت بچانے کی کوشش کی ہے اور اسی وجہ سے فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ سنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کا مک مکا ہے اس نے سب کھول کر رکھ دیا ہے یہ باتیں نواز شریف کے لوگ بھی کر رہے ہیں اب وزیر اعظم جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے لوگ ہمارے خلاف باتیں کر کے قد اونچا کر نے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ان کے ذہن چھوٹے ہیں اور عوام انہیں جانتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب بات پارلیمنٹ میں ہو گی ۔