پٹرولیم مصنوعات میں 20روپے فی لیٹر کمی کرکے عوام کوریلیف دیا جائے،فیصل آباد چیمبرز آف کامرس کا حکومت سے مطالبہ

ہفتہ 30 جنوری 2016 13:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جنوری۔2016ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے کسٹم کے وائس چیئرمین اوراولڈ الیکٹرک مشینری موٹر ز مارکیٹ کے چیئرمین محمد اصغرنیکہا ہے حکومت پاکستا ن پٹرولیم مصنوعات میں کم از کم 20 روپے فی لیٹر کمی کرکے عوام کوریلیف دے ، بین الاقوامی مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیل کی قیمتوں میں 70فیصد سے زائد کمی ہوئی ہے مگر پاکستان میں اس کافائدہ عام آدمی تک ایک فیصد بھی نہیں پہنچا۔

انھوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی کا تمام تر فائدہ حکومت نے اپنے انتظامی اخراجات پر خرچ کرکے ضائع کردیاہے۔ پاکستان کے سالانہ بجٹ کا تقریباً 75فیصد دارومدار بیرونی بھیک،قرضوں اوربیرون ملک پاکستانیوں کی بھیجی گئی رقومات پرہوتا ہے اور ان رقوم اور قرضوں کی وصولی کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کے بڑھنے پر حکومت اپنی کارکردگی کے شادیانے بجارہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ اور پیٹرولیم مصنوعات کی گرتی ہوئی قیمتوں کے لحاظ سے بجلی،گیس اور پانی کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے تاکہ عوام کو کچھ سہولت حاصل ہوسکے۔ انھوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری لاگت میں اضافہ اورصنعتوں کا پہیہ جام ہونے کا خطرہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشکول توڑنے والوں نے اب بریف کیس اٹھالیے ہیں اور زیادہ ترقرضے ہماری جمہوری حکومتوں نے ہی لئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :