پیمرا نے سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق 2015 کی توثیق کردی

خیبر نیوز چینل کو جرمانے کا معاملہ کونسل آف کمپلینٹس پشاور کو دوبارہ سننے کے لئے بھجوا دیاگیا بچوں کے پروگراموں اور چینلز کے فروغ کیلئے غیر ملکی چینل ٹونامی کو لینڈنگ رائٹس کے چینل کے اجراء کی بھی منظوری

جمعہ 29 جنوری 2016 22:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) پیمرا اتھارٹی نے سماء ٹی وی پر جرائم کی منظر کشی کے پروگرام "واردات" کے دوران ایک انتہائی فحش ، قابلِ اعتراض اور غیر اخلاقی پیغام نشر کرنے پر دس لاکھ جرمانہ عائد کرنے کی منظوری دیدی۔ گذشتہ سال جولائی میں نشر کردہ پروگرام"واردات"کے دوران ایک انتہائی فحش میسج من و عن نشر کیا گیا تھاجو کہ نہ صرف پیمرا قوانین، سپریم کورٹ کے نافذ کردہ ضابطۂ اخلاق بلکہ ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی قدروں کے بھی صریحاً خلاف تھا۔

اس پروگرام کے نشر ہونے سے ناظرین اور عوام کے نہ صرف جذبات مجروح ہوئے تھے بلکہ پیمرا کو بھی سخت عوامی ردِ عمل کا سامنا کرنا پڑاتھا۔ کونسل آف کمپلینٹس کراچی نے اپنے 14جنوری 2016؁ء کے اجلاس میں سماء ٹی وی کے خلاف دس لاکھ روپے جرمانے اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں چینل کے لائسنس کی منسوخی /معطلی کی سفارش کی تھی۔

(جاری ہے)

اتھارٹی کے حکم کے مطابق جرمانے کی ادائیگی اور معذرت نشر کرنے کا عمل 15 دن کے اندر مکمل ہو گا ۔

فیصلے پر عملداآمد کی آخری تاریخ 13فروری 2016؁ء ہے ۔ لہٰذا اتھارٹی نے اپنے جمعہ کو منعقدہ اجلاس میں کونسل کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے نہ صرف جرمانے کی منظوری دی بلکہ چینل انتظامیہ کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینل پرائم ٹائم (شام چھ بجے سے لیکر رات بارہ بجے ) کے دوران معذرت کو ٹکرز کی صورت میں متعدد بار نشر کرے۔اتھارٹی نے مزید حکم دیا ہے کہ چینل کی جانب سے 13فروری 2016؁ء تک جرمانہ ادا نہ کرنے اور معافی نشر نہ کرنے کی صورت میں چینل کے لائسنس کی معطلی عمل میں لائی جائے۔

اتھارٹی نے سماء اور تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فی الفور مؤثر تاخیری نظام اور ایڈیٹوریل کنٹرول متعارف کروائیں تاکہ مستقبل میں ایسے ناپسندیدہ واقعات سے بچا جا سکے۔ اتھارٹی نے خیبر نیوز چینل کو جرمانے کا معاملہ کونسل آف کمپلینٹس پشاور کو دوبارہ سننے کے لئے بھجوا دیا ہے۔ ملک میں بچوں کے پروگراموں اور چینلز کے فروغ کیلئے پیمرا نے بچوں کے ایک غیر ملکی چینل ٹونامی کو لینڈنگ رائٹس کے چینل کے اجراء کی بھی منظوری دی ہے۔

اتھارٹی نے الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق 2015 ، جس کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے احکامات مورخہ 18 اگست 2015 کے تحت نافذ کیا تھا ،کی بھی توثیق کر دی۔ یہ توثیق باقاعدہ چیئرمین پیمراکی تعیناتی کے بعد سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں کی گئی ہے۔ مزیدبرآں اتھارٹی نے پیمرا کے ایف ایم لائسنس یافتہ میسرز زینا سیٹلائیٹ پرائیویٹ لمٹیڈاور میسرز سمارٹ میڈیا کام پرائیویٹ لمٹیڈ کو حصص کی منتقلی اور نئے ڈائریکٹروں کی تعیناتی کی بھی منظوری دی۔

اتھارٹی نے اپنے اجلاس میں پیمرا ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے بھی اہم فیصلے کیے، جن میں پیمرا ملازمین کو ایڈہاک الاؤنس 2015اور پیمرا کے گریڈ ایک سے چھ تک کے ملازمین کیلئے نظر ثانی شدہ اوور ٹائم الاؤنس اور تعلیمی سبسڈی کی مد میں بھی اضافہ کی منظوری شامل ہے۔اتھارٹی نے پیمرا پروکیورمنٹ قوانین کو پپرا کے پروکیورمنٹ قانون 42(b) سے مطابقت کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں چیئرمین پیمرا ابصار عالم، سیکریٹری اطلاعات صبا محسن رضا ، چیئرمین پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی ڈاکٹر اسماعیل شاہ ، نرگس ناصر(ممبر پنجاب)، سرفراز خان جتوئی (ممبر سندھ) منیر احمد بادینی(ممبربلوچستان)اور شاہین حبیب اﷲ (ممبر خیبرپختوانخواہ)نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :