عدالتی حکم کے باوجود 52ورک چارج ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر داتا گنج بخش اور سمن آباد کے ٹی ایم اوز کی تنخواہ تاحکم ثانی روکنے کاحکم

جمعہ 29 جنوری 2016 22:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء)لیبر کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود 52ورک چارج ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر داتا گنج بخش اور سمن آباد کے ٹی ایم اوز کی تنخواہ تاحکم ثانی روکنے کاحکم دے دیدیا ۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے ٹاؤنز کے ورک چارج ملازمین بشیر وغیرہ کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیا رکیا گیا تھا کہ عدالت نے قبل ازیں داتا گنج بخش اور سمن آباد کے ٹی ایم اوز کو حکم دیا تھاکہ وہ درخواست گزاران ورک چارج ملازمین کو مستقل کریں مگر انہوں نے ان واضح حکم پر عمل نہیں کیا تھا۔

لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ دونوں ٹانز کے ٹی ایم اوز کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ فاضل عدالت نے اس درخواست پر گزشتہ روز داتا گنج بخش اور سمن آباد کے ٹی ایم اوز کی تنخواہ تاحکم ثانی روک کر انہیں حکم دیا کہ وہ9فروری تک درخواست گزار 52ورک چارج ملازمین کو مستقل کرکے ا س کی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔