کراچی میں دہشت گرد دوبارہ منظم ہورہے ہیں،ادارے نوٹس لیں۔ شمشاد خان غوری

کرپشن اور دہشت گردی میں فرق نہیں،سندھ حکومت کرپٹ عناصر کی پشت پناہی بند کرے

جمعہ 29 جنوری 2016 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) مہاجر قومی مومنٹ ( پاکستان) وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ہونے والا شور شرابہ،قومی حکومت بنانے کے مطالبات اورمک مکا کی بازگشت تو ہر طرف سنائی دے رہی ہے اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے سیاسی جماعتوں کی کھینچا تانی بھی جاری ہے لیکن کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا جس کی وجہ سے دہشت گرد ایک بار پھر منظم ہورہے ہیں ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر عیسیٰ نگری سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر میں جگہ جگہ احتجاج اور مظاہرے منصوبہ بندی کے تحت کئے جارہے ہیں تاکہ عوام ایک بار پھر بے یقینی کا شکار ہوجائیں اور رینجرز آپریشن سے جو ریاستی رٹ بحال ہوئی اسے ختم کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

شمشاد خان غوری نے کہاکرپشن سے حاصل سرمایہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کیلئے استعمال ہوتا ہے اس لئے آج کے دور میں کرپشن کو دہشت گردی سے الگ نہیں کیا جاسکتا ،سندھ حکومت کرپٹ عناصر کی پشت پناہی کرکے دہشت گردوں کو تحفظ دے رہی ہے۔

شمشاد خان غوری نے کہا کہ ارکان اسمبلی کیلئے پارلر اور سیلون کھولنے کیلئے بے تاب سندھ حکومت کو تعلیمی اداروں کی حفاظت کا انتظام کرنا چاہئے تھا لیکن یہاں بھی فوج کی جانب دیکھا جارہا ہے،جب سب کچھ فوج نے ہی کرنا ہے تو بھاری بھرم تنخواہیں، مراعات لینے اور کرپشن سے اربوں کی جائیدادیں بنانے والے حکمران ،وزیر اور مشیر کس مرض کی دوا ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گورننس نام کی چیز نہیں ، قومی سلامتی ادارے مافیا جماعت کی حکومتی سرپرستی اور کرپشن کا نوٹس لیں۔