صوبے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال میں تیزی سے بہتری آرہی ہے ، اعتراف بین الاقوامی سطح پر بھی کیا جارہا ہے، عشرت العباد خان

کسی بھی سرمایہ کا ر کے لئے یہ انتہائی موزوں اور مناسب وقت ہے کہ وہ اس شہر کی استعداد کا بھرپور فائدہ اٹھائیں ،گورنر سندھ

جمعہ 29 جنوری 2016 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبے اور شہر میں امن و امان کی صورتحال میں تیزی سے بہتری آرہی ہے جس کا بین الاقوامی سطح پر بھی اعتراف کیا جارہا ہے کراچی میں تعینات دنیا بھر کے سفارت کار اس بہتر صورتحال کو شہر کے سنہرے مستقبل کی ضمانت قرار دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی سرمایہ کا ر کے لئے یہ انتہائی موزوں اور مناسب وقت ہے کہ وہ اس شہر کی استعداد کا بھرپور فائدہ اٹھائیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس شہر نے دگر گوں حالات میں بھی سرمایہ کا روں اور تاجر وں کو منافع بخش مواقع فراہم کئے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے گورنر ہاؤس میں جاپان کے سفیرa Mr.Hiroshi Inomat سے الوداعی ملاقات میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے بر طانیہ ، اٹلی اور جرمنی کے ساتھ ساتھ دیگر ممالک بھی کراچی میں بڑی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ ریٹیل بزنس میں قدم جمارہے ہیں اسی طرح جاپان کے سرمایہ کار بھی کراچی میں دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ رٹیل بزنس میں بھی سرمایہ کاری کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بحیثیت مجموعی اور کراچی کے لوگ بحیثیت خاص اپنی آمدنی کو بچت اسکیموں میں رکھنے کے بجائے اسے خرچ کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ شہر کو کنزیومر سٹی بھی کہا جاتا ہے بین الاقوامی چَین اسٹورز جس طرح کراچی کی اس انفرادی اہمیت کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں کا اظہار وہ اپنی سالانہ رپورٹ میں کرتے رہتے ہیں ۔

اس موقع پر جاپانی سفیر نے کہا کہ اس میں کچھ شک نہیں کہ کراچی کے حالات بہت بہترہورہے ہیں لیکن اس میں مزید بہتری کی گنجائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال میں بہتری کے ساتھ ساتھ سرمایہ کار بھی اس جانب تیزی سے رخ کرینگے اور جاپان کے سرمایہ کار اس بات پر متفق ہیں کہ کراچی کا روباری مواقعوں کے لحاظ سے ایک منافع بخش شہر ہے جس کی استعداد کا فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے ۔