تھر، کوہستان اور کاچھو میں خواتین اور بچوں میں خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے نیوٹریشن مہم شروع کی جائے، بلاول بھٹو زرداری

جتنا جلد ہو سکے تمام صوبائی محکموں کو ای-گورننس پر منتقل کیا جائے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

جمعہ 29 جنوری 2016 21:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سے کہا ہے کہ پورے صوبے میں خصوصاً تھر، کوہستان اور کاچھو جیسے پسماندہ علاقوں میں خواتین اور بچوں میں خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ـ’’ نیوٹریشن مہم‘‘ شروع کی جائے، بلاول بھٹو زرداری نے ان خیالات کا اظہار آج بلاول ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے دوران کیا،۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورت حال ، تھر کی صورت حال ، صوبے میں جاری ترقیاتی امور سمیت سندھ حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ جتنا جلد ہو سکے تمام صوبائی محکموں کو ای-گورننس پر منتقل کیا جائے، انہوں نے زور دیا کہ صحت اور تعلیم کے محکموں کی بہتر کارکردگی کو مزید مستحکم اور وسیع کیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ تھر کے عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کو تیز کیا جائے اور اسپتالوں کو مزید سہولیات سے آراستہ کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ کو صوبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے اور عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی مزید اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔ ملاقات میں بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں اور وائس چیئرمینوں کے لیے پارٹی کے امیدواروں کے ناموں پر بھی غور کیا گیا ۔