کوہستان ‘بنیادی مرکز صحت پر محکمہ انٹی کرپشن کا چھاپہ‘ تمام سٹاف کے گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کرنے کا انکشاف

جمعہ 29 جنوری 2016 21:19

کوہستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) کوہستان کے ایک بنیادی مرکز صحت پر محکمہ انٹی کرپشن کے اہلکاروں نے چھاپا مارا تو معلوم ہوا کہ ہسپتال میں متعین تمام سٹاف عرصہ دراز سے غیر حاضر ہے جبکہ تنخواہیں ریلیز ہورہی ہیں اور وہاں کی ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی بنیادی مرکز صحت کے ہوتے ہوئے بھی صحت کی سہولیات سے محروم ہے ۔

سرکاری ذرائع کے مطابق BHUمندرازہ کوہستان لوئر کو قائم ہوئے بیس سال سے زائد کا عرصہ بیت گیاہے ،مگر وہاں صحت کی کوئی سہولیات میسر نہیں ہیں ،جو محکمہ صحت کوہستان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کررہی ہے ۔ اس ضمن میں سرکل آفیسر انٹی کرپشن کوہستان سیدرحیم شاہ نے دیگر سٹاف ممبران کے ہمراہ گزشتہ روز بی ایچ یو مندرازہ پر چھاپہ مارا تو معلوم ہوا کہ سٹاف عرصہ دراز سے غیر حاضر ہے ۔

(جاری ہے)

مقامی لوگوں کے مطابق اس ہسپتال سے انہیں کوئی سہولت نہیں ملی جبکہ حکومت نے کروڑوں روپے خرچ کرکے اس کی تعمیر کی ہے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرکوہستان ڈاکٹر رفیع اﷲ خان نے رابطے پر بتایا کہ عرصہ دراز سے سٹاف کی غیر حاضری کا تاثر درست نہیں ، تین روز کی غیرحاضری پر مذکورہ سٹاف سے پندرہ روز کی تنخواہ کاٹ دی گئی ہیں اور اُن کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے جبکہ بنیادی مرکز صحت مندرازہ کے اطراف میں موجود گھرانوں کیلئے علاج معالجے کی سہولیات اسی مرکز میں موجود ہیں ۔

متعلقہ عنوان :