پنجاب یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کا انکشاف ،پولیس جامعہ میں آپریشن تیز کر رہی ہے ، ایس پی ماڈل ٹاؤن کا سیمینار سے خطاب ، ممکنہ سہولت کاروں پر نظر رکھنے کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ کو خط بھی لکھ دیاگیا ، ذرائع

جمعہ 29 جنوری 2016 20:41

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) پنجاب یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے ، ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر محمد اقبال نے کہاہے کہ پولیس جامعہ میں آپریشن تیز کر رہی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق ممکنہ سہولت کاروں پر نظر رکھنے کیلئے یونیورسٹی انتظامیہ کو خط بھی لکھ دیا ۔ جمعہ کو پنجاب یونیورسٹی میں سکیورٹی کے حوالے سے ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ماڈل ٹاؤن ڈاکٹر محمد اقبال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب میں ایس پی ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے پنجاب یونیوسٹی سے سینئر سطح کے کئی افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ یونیورسٹی میں اب بھی دہشت گردوں کے سہولت کار موجود ہیں جن کے خلاف آپریشن کیا جا رہاہے اور موجودہ حالات کے پیش نظر آپریشن کو مزید تیز کیا جائیگا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے جس میں یونیورسٹی انتظامیہ کو دہشت گردوں کے ممکنہ سہولت کاروں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔