ٹریفک وارڈنز موسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی خدمت اور ٹریفک کو رواں دواں رکھیں‘ سی ٹی او لاہور

جمعہ 29 جنوری 2016 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ٹریفک وارڈنزموسمی حالات کی پرواہ کئے بغیر بارش کے دوران بھی سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھتے ہوئے شہریوں کی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ بارش میں رین کوٹ ،رین بوٹ اور چھتری ضرور استعمال کریں،غفلت و کوتاہی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی خدمت ،راہنمائی اور ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، شہریوں کوچاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں ۔سی ٹی اونے کہا کہ ٹریفک وارڈنز بارش کے موسم میں چاق و چوبند ہو کر ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

(جاری ہے)

طیب حفیظ چیمہ نے سیکٹر انچارجز اور پٹرولنگ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی علاقوں میں مسلسل گشت کا عمل جاری رکھیں ،تجاوزات ،رانگ پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف انسدادی کاروائی کریں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ بارش کے دوران تیز رفتاری سے اجتناب کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھتے ہوئے سفر کریں۔بارش کے دوران حادثات کی بڑی وجہ بارش کے دوران سڑک پر سلپ ہونا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسرنے موسمی حالات کے حوالے سے ٹریفک وارڈنز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ دوران ڈیوٹی رین کوٹ ،رین بوٹ ،چھتری اور دیگر احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں جبکہ سرکل افسران بارش کے دوران سڑکوں پر خود موجودرہتے ہوئے ٹریفک کورواں رکھیں۔

متعلقہ عنوان :