سابق وزیر خارجہ صاحبزادہ یعقوب خان کے انتقال پر نیو یارک کے پاکستان ہاؤس میں تعزیتی تقریب کا انعقاد

جمعہ 29 جنوری 2016 15:33

نیو یارک۔29 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جنوری۔2016ء) سابق وزیر خارجہ صاحبزادہ یعقوب خان کے انتقال پر نیو یارک میں پاکستان ہاؤس میں تعزیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق وزیرخارجہ کی ملک اور قوم کیلئے خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تعزیتی تقریب کی صدارت اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کی اور اس میں پاکستانی مشن اور پاکستانی قو نصلیٹ جنرل کے عملے اور افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرملیحہ لودھی نے صاحبزادہ یعقوب خان کی خدمت کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عظیم کمانڈر اور بہادر انسان ہونے کے علاوہ شریف النفس انسان تھے اور ملک اور قوم کے لئے ان کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ بطور ایڈیٹر انہوں نے خارجہ پالیسی سے متعلق امور پر صاحبزادہ یعقوب خان سے بہت کچھ سیکھا ہے وہ ایک سکالر تھے اور مغربی فلسفے کے علاوہ اسلامی فلسفے پر بھی ان کی گہری نظر تھی۔وہ ایک صاحب بصیرت انسان تھے اور ملکی خارجہ پالیسی کی تشکیل میں ان کا ایک بڑا ہاتھ تھا۔ تقریب میں سابق وزیر خارجہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ تعزیتی کتاب میں کئی افراد نے اپنے تاثرات درج کئے۔