وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس:سانحہ چارسدہ پر ہونیوالی پیش رفت پر زیربحث

نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں سیاسی تلخیوں کورکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا،طلبا کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،آپریشن ضرب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، دہشت گرد اب اضطراب کا شکار ہو کر آسان ہدف کو نشانہ بنارہے ہیں،ان کے کے بزدلانہ عزائم اورشیطانی ایجنڈے کو ہر صورت ناکام بنائیں گے،وزیر اعظم نواز شریف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 29 جنوری 2016 14:56

وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 جنوری۔2016ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا -اجلاس میں سانحہ چارسدہ پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی بحث ہوئی ، ملک کی سیاسی صورتحال بھی زیر غور آئی- اجلاس میں ملک میں مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم کو سانحہ چارسدہ میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا ، اجلاس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں لہذااسے ہرصورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے ۔وزیراعظم نوازشریف کا ملکی سلامتی اور سیاسی صورتحال پر اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں سیاسی تلخیوں کورکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا،طلبا کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے،آپریشن ضرب نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، دہشت گرد اب اضطراب کا شکار ہو کر آسان ہدف کو نشانہ بنارہے ہیں،ان کے کے بزدلانہ عزائم اورشیطانی ایجنڈے کو ہر صورت ناکام بنائیں گے، اپنی نئی نسل کو کسی صورت یرغمال بنانے نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو سانحہ باچاخان یونیورسٹی کی تحقیقات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ وزیراعظم نے کہاکہ اپنے معصوم بچوں کو دوران تعلیم دہشت گردی کا نشانہ بنانے والوں کو کسی صورت نہیں چھوریں گے، انہیں انصاف کے کٹہرے میں ضرور لایا جائے گا،دہشت گرد مایوسی کا شکار ہوکرآسان ہدف کو نشانہ بنارہے ہیں،آخری دہشت گردکے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی مزید سخت بنانے کی کوششیں تیز کی جائیں، اجلاس میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیراعظم نے اپنے دورہ سعودی عرب، ایران اور ڈیووس کانفرنس سے متعلق بھی شرکاءکو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی کوششوں سے پاکستان کا امیج عالمی سطح پر بہترہوا ہے،غیر ملکی سرمایہ کار اور کمیونٹیز پاکستان کے بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں،ملک کو معاشی ترقی اور استحکام کے راستے پر گامزن کردیا ہے،دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں اور معاشی استحکام نے پاکستانیوں میں نئی امید پیدا کی ہے۔

،آنے والی نسلوں کے لیے پرامن پاکستان اور دہشت گردی سے پاک معاشرہ پہلی ترجیح ہے،وزیراعظم نے کہاکہ پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے تمام سیاسی جماعتیں اپنا جمہوری کردار ادا کریں، اجلاس میں افغانستان اوربھارت سے تعلقات کی بہتری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیا۔