سٹیل کے دھاگوں سے بنی ، توانائی جذب کرنے والی حیرت انگیز جیکٹ

جمعرات 28 جنوری 2016 23:58

سٹیل کے دھاگوں سے بنی ، توانائی جذب کرنے والی حیرت انگیز جیکٹ

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28جنوری۔2016ء)تھرمل ٹیک کا اپنی جیکٹوں کے بارے میں دعویٰ ہے کہ وہ اپنی طرز کی منفرد جیکٹ ہے۔اس جیکٹ میں کپڑے کی بیرونی تہوں کے درمیان ہلکے سٹین لیس سٹیل کے دھاگوں سے بنا سمارٹ فیبرک بھی رکھاگیا ہے۔ یہ فیبرک سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں کو جذب کر لیتا ہے اور اسے گرمی میں بدل کر آپ کو گرم رکھتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ باہر جتنی مرضی سردی ہو، سورج کی دھوپ میں جیکٹ صرف دو منٹ میں 18 ڈگری فارن ہائٹ تک گرم ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

اگر آسمان پر بادل ہوں یا برف باری ہو رہی ہو، تب بھی یہ جیکٹ مصنوعی روشنیوں کو گرمی میں تبدیل کر سکتی ہے۔ یہ جیکٹ ابھی تک عام مارکیٹ میں نہیں آئی۔ تھرمل ٹیک اسے اگست 2016 میں فروخت کے لیےپیش کرے گی۔ اس حوالے سے انڈیگوگو پر پیسے جمع کرنے کی ایک مہم کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔ تھرمل ٹیک نے 25 ہزار ڈالر جمع کرنے کے لیے مہم شروع کی ہے اور صرف 21 گھنٹوں میں 19,688 ڈالر جمع بھی ہوگئے ہیں ۔ اس جیکٹ کے لیے سب سے پہلے رقم فراہم کرنے والوں کو اس کا ہلکا سٹریٹ ورژن 139 ڈالر میں یعنی 50 فیصد رعایت کے ساتھ دیا جائے گا۔ اس سے بھاری ایکسپلورر اور ایکسٹریم ورژن کی قیمت 149 اور 159 ڈالر ہے۔