وزیراعلیٰ بلوچستان کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت،شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے اظہار تعزیت

جمعرات 28 جنوری 2016 22:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے منیرمینگل روڈ سیٹلائٹ ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پردلی رنج وغم کا اظہارکیا ہے جبکہ انہوں نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ پولیس اورسیکورٹی کے دیگر ادارے عوام کی جان ومال کی حفاظت اورفرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ ان کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد صوبے میں مکمل امن قائم ہوگا اور ہماری بہادرفورسز دہشت گردوں کوقانون کے کٹہرے میں لائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اپنی ان بزدلانہ کاروائیوں کے ذریعہ نہ تو سیکورٹی فورسز کو مرعوب کرسکتے ہیں اور نہ ہی انہیں خوفزدہ کیا جاسکتاہے۔

وزیراعلیٰ نے واقعہ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت اورہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام اور حکومت ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے درجات کی بلندی اورزخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔