اورنج لائن ٹرین کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی دو روز میں شروع ہو گی‘خواجہ احمد حسان

معاوضے کی ادائیگی کیلئے جین مندر‘ انجینئرنگ یونیورسٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے‘مشیر وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 28 جنوری 2016 21:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر خواجہ احمدحسان نے کہاہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی خصوصی ہدایت پر لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے لئے حاصل کی جانے والی جائیدادوں کے مالکان کومارکیٹ ریٹ سے بھی بہتر معقول معاوضہ دیا جائے گا -معاوضے کی ادائیگی کا کام دو روز میں شروع کیا جا رہا ہے ‘ اس مقصد کے لئے جین مندر‘ انجینئرنگ یونیورسٹی اور ٹھوکر نیاز بیگ پر خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے - مالکان کی طرف سے اپنی جائید ادوں کی ملکیتی دستاویزات مہیا کرنے پر انہیں بلا تاخیر معاوضہ ادا کیا جائے گا- جائیدادوں کی قیمت کے علاوہ ان افراد کو تعمیر شدہ سٹرکچر کا معاوضہ ‘نقل مکانی کا الا ؤنس معاوضہ اور کاروبار کے نقصان کا زر تلافی بھی دیا جائے گا اور اس طرح انہیں معقول رقم حاصل ہو گی جس سے وہ بہتر متبادل کاروبار یا رہائش کاانتظام کر سکیں گے -وہ گزشتہ روز سمن آباد اور ملتان روڈ کے تاجروں کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے - انہوں نے اس موقع پر ملتان روڈ کے تاجروں کے مسائل حل کے لئے سابق رکن صوبائی اسمبلی حافظ میاں نعمان کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی جس میں پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنج لائن مظہر خان ا ور مقامی بلدیاتی نمائندے بھی شامل ہوں گے-خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ جائیدادوں کے ملکیتی ثبوت نہ رکھنے والے افراد کی دستاویزات کی تصدیق کے بعدانہیں بھی معاوضہ ادا کر دیا جائے گا ‘ اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب کی ہدایت پر بورڈآف ریونیو میں ان دستاویزات کی تصدیق کے لئے ہرہفتے دو مرتبہ خصوصی اجلاس منعقد کئے جائیں گے- ان کے سٹرکچر کا معاوضہ فوری طور پر ادا کیا جائے گا جبکہ زمین کا معاوضہ دستاویزات کی بورڈ آف ریونیو سے تصدیق کے بعد بلا تاخیر ادا کر دیا جائے گا -

متعلقہ عنوان :