Live Updates

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ، صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری کے لئے ہیلتھ سٹریٹجی کے اہم خدو خال کا جائزہ لیا گیا

وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعرات 28 جنوری 2016 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری کے لئے ہیلتھ سٹریٹجی کے اہم خدو خال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ سٹریٹجی پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم ترین جزو ہے اورصحت عامہ کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہیلتھ سٹرٹیجی پر عملدرآمد کر کے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ساتھ ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرور ت ہے۔ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے پیشگی حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیئے۔

(جاری ہے)

ایمونائزیشن کے لئے محکمہ صحت نے اچھا کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ ایمونائزیشن کے عمل کو جاری رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی حکمت عملی کے اہداف کے حصول میں ہیلتھ سٹرٹیجی کے تحت مقررکئے جانے والے ٹارگٹ کا حصول انتہائی ضروری ہے۔

عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہ کبھی پہلے آنے دی اور نہ آئندہ آنے دوں گا لیکن محکمہ صحت کو اپنے تعین کردہ اہداف کے حصول کے لئے عزم اور بہترین مینجمنٹ کے ساتھ کام کرنا ہو گا تا کہ صوبے کے عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے-وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ ہیلتھ سٹریٹیجی پر عملدرآمد کے حوالے سے تین ہفتے کے بعد حتمی سفارشات پیش کی جائیں-وزیر اعلی نے جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف موثر کریک ڈاؤن پر پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کو شاباش دی ۔

سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری صحت نے ہیلتھ سٹریٹجی کے اہم خدوخال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا ، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے محمد کاشف ،چیف سیکرٹری خضر حیات گوندل، متعلقہ سیکرٹریز، طبی ماہرین اور ماہرین اقصادیات نے اجلاس میں شرکت کی۔ چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات کمشنر آف راولپنڈی جبکہ ایم پی اے مخدوم ہاشم جوان بخت ڈی سی اوآفس رحیم یارخان سے ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :