پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 جنوری 2016 20:46

لاہور(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 جنوری۔2016ء) پاکستان عوامی تحریک کے ترجما ن نے کہاہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے رٹ پٹیشن عوامی تحریک کے وکلا رائے بشیر ایڈووکیٹ اور قمر اشفاق چوہدری کی طرف سے دائر کی گئی ہے ۔ رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک ہی واقعہ پر الگ الگ چالان اور فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی ۔

یہ اقدام آئین کے آرٹیکل 13 اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 265 کے خلاف ہے ۔

(جاری ہے)

عوامی تحریک کے وکلاءپینل میں نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ ،محمد ناصر ایڈووکیٹ بھی شامل ہیں ۔ترجمان نے کہا ہے کہ عدالت سے استدعا کی ہے کہ دہشتگردی کی عدالت کو ایک ہی کیس میںالگ الگ ٹرائل سے روکا جائے ،واقعہ سے متعلق تمام چالان اکٹھے کئے جائیں ۔ترجمان نے کہاکہ انصاف کےلئے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں ،دہشتگردی کی عدالت میں جاری سماعت پر تحفظات ہیں ،ایک ہی کیس ایک ہی واقعہ اور ایک ہی ملزمان کو الگ الگ ٹرائل کیا جا رہا ہے،جو قوانین کے خلاف ہے۔انہوں نے کہاکہ انصاف کا خون نہیں ہونے دیں گے ۔14شہداءانصاف کے منتظر ہیں۔اگر انصاف کے تقاضے پورے نہ کئے گئے تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے۔