جماعة الدعوة کا مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یکم فروری سے 5فروری تک ”یکجہتی کشمیر مہم “چلانے کا اعلان

جمعرات 28 جنوری 2016 15:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جنوری۔2016ء) جماعة الدعوة نے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یکم فروری سے 5فروری تک ”یکجہتی کشمیر مہم “چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ تین اور چار فروری کو مختلف شہروں میں یکجہتی کشمیر سیمینارز منعقد کیے جائیں گے، پانچ فروری کو ملک بھر میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز پر کشمیر کارواں کا انعقاد کیا جائے گا،کشمیریوں کی تحریک آزادی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے خصوصی ڈاکو منٹری اور ترانے تیار کئے گئے ہیں،سوشل میڈیا پر بھی بھرپور مہم چلائی جائے گی،تمام شہروں کے چوکوں و چوراہوں میں کیمپ لگائے جائیں گے جبکہ گاڑیوں کے خصوصی فلوٹس تیار کئے جائیں گے۔

اس امر کا اعلان امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت مرکز القادسیہ چوبر جی میں جماعةالدعوة کے مرکزی ذمہ داران کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لئے لاہور،اسلام آباد،کراچی،حیدر آباد،کوئٹہ ،پشاور،حیدر آباد، فیصل آباد، گوجرانولہ، میر پور،مظفر آبادسمیت دیگر شہروں و علاقوں میں بھی کشمیرکارواں ہوں گے جن سے مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین و کشمیر ی رہنما خطاب کریں گے۔

کشمیریوں کی تحریک آزادی و جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جماعة الدعوة کی جانب سے خصوصی ڈاکومنٹریز اور ترانے تیارکئے گئے ہیں جو سوشل میڈیا پر چلائے جائیں گے جبکہ مختلف مقامات پر چوکوں و چوراہوں پر ویڈیوز دکھائی جائیں گی۔اجلاس کے دوران حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے انتہائی ناگزیر ہے اس کے بغیر پاکستان ہمیشہ خطرات سے دو چار رہا ہے۔

ہم مظلوم کشمیری مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور انہیں آزادی ملنے تک ہر لحاظ سے ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی جدوجہد آزادی جاری ہے اور جاری رہے گی۔ مظلوم کشمیریوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے پاکستانی قوم 5فروی کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے منعقدہ پروگراموں میں بھر پور انداز سے شریک ہو‘ تا کہ دنیا کو پیغام دیا جا سکے کہ پوری پاکستانی قوم مظلوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مددکریں گے انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں بد ترین بھارتی ریاستی دہشت گردی پاکستانی حکمرانوں کی بھارت سے یکطرفہ دوستی کا نتیجہ ہے کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا۔ خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی۔ مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے۔

آزادی کشمیر کے حوالہ سے ان شاء اللہ بہت جلد اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔پاکستانی قوم کشمیری حریت پسند قیادت اور مظلوم کشمیری مسلمانوں کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی مجبوریاں ہوسکتی ہیں لیکن ہماری کوئی مجبوری نہیں ہے ہم کشمیری مسلمانوں کی ہرممکن مددکا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر بین الاقوامی اداروں کی خاموشی افسوناک ہے۔ کشمیری مسلمانوں کی قربانیاں جلد ان شاء اللہ رنگ لانے والی ہیں۔ پوری قوم پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پرکھڑی ہے۔

متعلقہ عنوان :