حکومت پاکستان اسٹیل کے ریٹائرڈ ملازمین کو بقایاجات کی ادائیگی کرے‘ فرزانہ جبیں

جمعرات 28 جنوری 2016 14:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جنوری۔2016ء) وفاقی محتسب ریجنل آفس کی سینئر ایڈوائزر فرزانہ جبیں نے پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ کے خلاف دی جانے والی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیئے کہ پاکستان اسٹیل کے ریٹائرڈ ملازمین کو ان کے بقایاجات کی جلد از جلد ادائیگی کرے تاکہ ریٹائرڈ ملازمین کو فاقہ کشی سے نجات مل سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی مالی مشکلات کے پیشِ نظر اگر ریٹائرڈ ملازمین کو یکمشت ادائیگی نہ کی جاسکے تو کم از کم ڈیوٹی پر موجودملازمین کو بیل آؤٹ پیکج سے جس طرح تنخواہیں دی جاتی ہیں کم از کم انہیں بھی ان کے بقایاجات میں سے قسطوں کی شکل میں ادائیگیاں کی جائیں جس سے ان کا گذارہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب ریجنل آفس کو پاکستان اسٹیل کے میٹالرجیکل سینٹر سے متعلق بھی درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ وہاں اخبارات میں چھپوائے گئے قواعد و ضوابط پرعمل درآمد نہیں کیا گیا لہٰذا آئندہ جو بھی اشتہار چھپوایا جائے جس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ایڈوائزر محمد یامین نے کہا کہ غریب شہریوں کیلئے یہ بہت بڑی خوشخبری ہے کہ وہ شکایات کے ازالے کیلئے بغیر کسی فیس کے درخواستیں دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے زائد بلنگ سے متعلق درخواستیں تیزی سے نمٹائی جا رہی ہیں وفاقی محتسب کے فیصلے سے درخواست گزاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، غریب شہری وفاقی محتسب کے ادارے کو اپنے لئے دادرسی کا بہترین ذریعہ قراردے رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف محکموں کے غریب متاثرین میں کے الیکٹرک کیی زائد بلنگ سے متاثرہ افراد کی تعداد بہت زیادہ ہے جنہیں فوری انصاف فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ درخواستوں کی سماعت ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس واقع نزد سیکورٹی پرنٹنگ پریس ملیر ہالٹ میں ہوئی اس موقع پر کے الیکٹرک کے سینئر افسر معروف سولنگی، عابد شیخ اور وفاقی محتسب ریجنل آفس کی افسر تعلقاتِ عامہ بہلیم بلقیس جان بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :