کراچی پولیس موبائل پر حملہ کرنے والا دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار

جمعرات 28 جنوری 2016 11:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جنوری۔2016ء ) کراچی کے علاقے پیرآباد میں پولیس موبائل پر حملہ کرنے والا دہشتگرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ لانڈھی میں سرچ آپریشن کے دوران 3 ملزمان گرفتار اور 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پیرآباد میں محمد پور چوکی کی پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیس موبائل میں سوار ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

(جاری ہے)

پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا تاہم 2 دہشت گرد تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے شیر خان گروپ سے ہے جو سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ہے۔ ادھر لانڈھی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔