امریکہ اور چین کی مشترکہ کاوشیں مجموعی طور پردنیا کے لئے مثبت نتائج کی حامل ہوں گی

امریکہ عالمی امور کے حل کے لئے چین کے ساتھ ملکر کام کرے،چینی صدر کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو چین اور امریکہ کے باہمی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، جان کیری

بدھ 27 جنوری 2016 22:53

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء/شنہوا) چین کے صدر ژی جن پنگ نے امریکہ پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ عالمی معاملات کے حل اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے لئے چین کے ساتھ کام کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے دورے پرموجود امریکی وزیر خارجہ جان کیری سے بدھ کے روز ملاقات میں کیا ۔چینی صدر نے امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین موجودہ باہمی تعلقات اور رابطوں تجارت، فوجی تعلقات، ثقافت ، عوامی روابط، سائبر سیکیورٹی ، ماحولیاتی تبدیلی اور ایران کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکہ اور چین مشترکہ طور پر کام کریں تو مجموعی طور پر اس کے دنیاپر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے زور دیا کہ دونوں اطراف کو رہنماؤں کے مابین طے پانے والے معاہدوں کے مطابق کام کرنا چاہئے جس کی بنیاد باہمی احترام ، مشترکہ کامیابی اور تصادم سے اجتناب کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

چینی صدر نے مزید کہا کہ بڑے اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے علاقائی اور عالمی سطح کے معاملات پر گفتگو کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مستحکم باہمی تعلقات قائم کرنے چاہیئں کیونکہ یہ دونوں اطراف کے مفاد اور عالمی خواہشات کے عین مطابق ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اہم معاملات پر امریکی صدر باراک اوباما کے ساتھ قریبی رابطوں میں رہیں گے ۔اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہاکہ دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔انہوں نے پیر س میں عالمی ماحولیات معاہدے اور ایران کے جوہری معاملات کے حوالے سے دونوں ممالک کے مابین گفتگو کو تعمیر ی قرار دیا ۔

جان کیری نے مزید کہا کہ امریکی صدر باراک اوباما عالمی امور کے تناظر میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے اور مستحکم کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ۔امریکی وزیر خارجہ نے چین میں دوروزہ سرکاری دورے کے دوران اہم سینئر چینی حکام سے ملاقاتیں کیں ۔