یو این ویمن پاکستان کیطرف سے " گلوبل اچیور " ایوارڈ ملنے پر انوشہ رحمن کو مبارکباد

بدھ 27 جنوری 2016 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء) یو این وومن پاکستان کے سربراہ مسٹر جمشید قاضی نے آج اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور حال ہی میں یو این ویمن اور آئی ٹی یو کیطرف سے " گلوبل اچیور" ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ انوشہ رحمن کو یہ ایوارڈ آئی سی ٹی کے شعبہ میں انکی گرانقدر خدمات اور خواتین کی بحالی بذریعہ آئی سی ٹی کے اعتراف میں دیا گیا۔

وزیر مملکت نے یو این ویمن پاکستان کے سربراہ کو خواتین اور بچیوں کی آئی سی ٹی تربیت کے حوالے سے شروع کیے گئے مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور نادار بچیوں کو کوڈنگ اور ویب ڈیزائننگ کی تربیت کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ اس مہارت کو بروئے کار لاکر باعزت روزگار کما سکیں۔

(جاری ہے)

مسٹر جمشید قاضی نے بچیوں اور خواتین کیلئے کی جانے والی خصوصی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے آئی ٹی سیکٹر کی تعمیر و ترقی کیلئے موجودہ حکومت کے وژن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی شبانہ روز محنت کی بھی داد دی اور آئندہ خواتین اور بچیوں کیلئے خصوصی منصوبوں میں باہم مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کروائی۔علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی /چیئرمین پاکستان سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر مفتا ح اسماعیل نے بھی وزیر مملکت انوشہ رحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور پاکستان میں آئی سی ٹی سیکٹر میں مزید سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے مخمتلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔

انوشہ رحمن نے کہا کہ پاکستان میں آئی سی ٹی سیکٹر بہت تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے اور پوری دنیا سرمایہ کاری کیلئے ہماری طرف متوجہ ہے ۔ مفتا ح اسماعیل نے کہا کہ ہم آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کی شرع بڑھانے کیلئے ملکی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی ممکنہ سہولیات دے رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :