پولیو کے خاتمہ کے بین الاقوامی ادارہ کی پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کی تعریف

بدھ 27 جنوری 2016 21:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ) گلوبل پولیو اریڈیکشن اینی شیٹو (جی پی ای آئی) نے پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کوسراہا ہے اور وزیراعظم پاکستان کی پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کی نگرانی پر تعریف کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے پولیو بارے ڈائریکٹر رضا حسینی ،گلوبل ٹیم رہنما پولیو(یونیسیف ) جے وینگر پر مشتمل وفد نے بدھ کو یہاں وزیراعظم کی پولیو کے خاتمہ بارے فوکل پرسن سینیٹر عائشہ رضافاروق سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پولیو کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹرڈاکٹر رانا محمد صفدر بھی موجود تھے۔ وفد کے اراکین نے ملاقات کے دوران پولیو کے خاتمہ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا جائزہ لیا اور گذشتہ 8ماہ کے دوران پولیو کے خاتمہ میں ہونے والی پیش رفت کو سراہا۔

(جاری ہے)

وفد نے پولیو کے خاتمہ کے آپریشنز میں بہتری لانے کے لیے قومی اور صوبائی آپریشنز سینٹرز کے قیام اور پولیو کے خاتمہ کی کوششوں کی نگرانی کرنے پر وزیراعظم کی تعریف کی ۔

انہوں نے پشاور، کوئٹہ بلاک فاٹا اور کراچی کے کلیدی علاقوں میں پولیو پر قابو پانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔ جی پی ای آئی کے شتراک دار جو کہ ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے اجلاس سے قبل پاکستان کے دورے پر ہیں انہوں نے2015ء میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت پاکستان کو ہرممکن تعاون کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا۔دنیامیں پاکستان اور افغانستان دو ممالک رہ گئے ہیں جہاں پر پولیو کا وائرس گردش میں ہے اور یہ پولیو کی بیماری والے علاقوں میں سے ایک علاقہ ہے۔ جی پی ای آئی کے اراکین نے سینیٹر عائشہ رضا فاروق سے پولیو کے حوالہ سے افغانستان کے ساتھ تعاون بڑھانے اور رابطہ کاری جاری رکھنے کی درخواست بھی کی۔

متعلقہ عنوان :