چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کی مصر کے وزیر دفاع سے ملاقات

علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال ، دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر بات چیت

بدھ 27 جنوری 2016 21:25

راولپنڈی / قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے مصر کے وزیر دفاع جنرل سیدکی صبحی سید سے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راشد محمود سرکاری دورے پر مصرمیں ہیں ۔ ملاقات کے دوران علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی ۔

(جاری ہے)

مصر کے وزیر دفاع نے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے پاکستانی عزم کو سراہا انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی جانب سے دی گئی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا ۔ مصر کے چیف آف آرمی سٹاف بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ۔ جنرل راشد محمود نے مصر کے وزیر برائے فوجی پیداوار میجر جنرل محمد سعید العصر اور چیئرمین عرب آرگنائزیشن آف انڈسٹریلائزیشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد العزیز سیف الدین سے بھی ملاقات کی اپنے دورے کے دوران چیرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود مصر کی ایئر فورس کے سربراہ ایئر مارشل یونس الاسید المصری سے بھی ملاقات کرینگے ۔ قبل ازیں مصری وزارت دفاع پہنچنے پر جنرل راشد محمود کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔