بھارت مُمہ کنہ اور جگموہن جیسے قاتلوں کو انعامات دیکر خود اپنے قومی ایواڈز کی تذلیل کررہا ہے، نعیم خان

بدھ 27 جنوری 2016 20:50

سرینگر ۔ 27 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے کشمیر میں بھارت کے سابق گورنر جگموہن کو بھارت کا اعلیٰ ترین سویلین ایوارڈ دینے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جگموہن کو ایوارڈ دیکر یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ بھارت کشمیری مسلمانوں کیخلاف بر سر جنگ ہے اور وہ اُنہیں تکلیف پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نعیم احمد خان سے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ جگموہن نہ صرف نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے واقعات میں ملوث ہے بلکہ وہ کشمیر سے پنڈتوں کو بھگانے کا مجرم بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مُمہ کنہ اور جگموہن جیسے قاتلوں کو انعامات سے نوازکر بھارت خود اپنے قومی انعامات کی تذلیل کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جگموہن نے ہمیشہ کشمیریوں کیخلاف مجرمانہ کردار اد اکیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جگموہن کی ایما پر گاؤ کدل،حول،ہندوارہ،کپوارہ،زکورہ،بائی پاس،بجبہاڑہ،اسلام آباد،سوپور اوربارہمولہ کے علاقوں میں قتل عام کے واقعات انجام دیے گئے اورانہیں کشمیر میں طویل کرفیو،لوگوں پر تشدد ڈھانے اور پنڈتوں کو بھگانے کی سازش رچانے کیلئے جانا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ جگموہن کو ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے جبکہ اُس کے مظ الم سے متاثرہونے والے آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔

نعیم احمد خان نے کہا کہ آج بھی کپوارہ کے لوگ اُن 27بے گناہ اور نہتے شہریوں کو یاد کرتے ہیں جنہیں اُس وقت کے نام نہادگورنر کی ایما پر 27جنوری1994ء کوصرف اس لئے شہید کیا گیا تھاکیونکہ انہوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ پر ہڑتال کی تھی۔ انہوں نے شہداء کپوارہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انعامات دیکر بھارت قاتلوں کا حوصلہ بڑھارہا ہے لیکن کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کا جذبہ آج بھی موجود ہے اور ہمیشہ رہے گا۔نعیم احمد خان نے اسلام آباد میں شہید ہونے والے نوجوان مشتاق احمد کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :