پاکستان کا دفاعی اور معاشی مستقبل محفوظ ترین ہاتھوں میں ہے،علی اکبر گجر

غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان کو ایک محفوظ اور کار آمد ریاست سمجھ کر یہاں اپنا پیسہ لگانے میں عافیت محسوس کر رہے ہیں،رہنما مسلم لیگ (ن)

بدھ 27 جنوری 2016 18:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاعی اور معاشی مستقبل محفوظ ترین ہاتھوں میں ہے۔ کل تک ملک میں انارکی پھیلی ہوئی تھی، اقتصادی گراف مسلسل تنزلی کی طرف گامزن تھا اور عالمی دنیا نے ہم سے منہ موڑ لیا تھا لیکن مسلم لیگ (ن) نے اپنی مثبت اور دور رس پالیسیوں سے ملک کو گمبھیر بحرانوں سے نکال کر امن اور خوشحالی کی منزل پر لا کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور قائد جمہوریت میاں نواز شریف نے وطن کا دفاع نا قابل تسخیر بنا دیا ہے اور اقتصادی میدان میں بھی ایسی کامیابیاں حاصل کی ہیں جن سے پاکستان کا معاشی مستقبل تابناک دکھائی دینے لگا ہے۔ ملکی سرمایہ کار مطمئن دکھائی دیتے ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کار بھی پاکستان کو ایک محفوظ اور کار آمد ریاست سمجھ کر یہاں اپنا پیسہ لگانے میں عافیت محسوس کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر چین، امریکہ، انڈونیشیا، ایران، وسط ایشیائی ریاستیں، خلیجی ممالک اور ترکی سمیت درجنوں ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کو اولیت دے رہے ہیں۔ علی اکبر گجر نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں قومی ادارے مختلف مسائل پر ہم آہنگ ہیں اور اپنے دائرہ کار میں رہ کر وطن عزیز کو کامیاب ریاست بنانے کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت جب سے بر سر اقتدار آئی ہے ہم نے آمریت اور انتقام کی سیاست کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیا ہے، آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اس وقت ملک میں کوئی سیاسی قیدی نہیں البتہ جو لوگ دہشت گردوں کی پشت پناہی اور قومی دولت کی لوٹ کھسوٹ میں ملوث ہیں وہ کسی بھی صورت احتساب سے نہیں بچ سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک عوام کی خوشحالی اور سر بلندی کے لئے بنا تھا اور جب تک مسلم لیگ (ن) اپنے اہداف پورے نہیں کر لے گی ہم اپنی جدوجہد سے کسی طور دستبردار نہیں ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :