اوریگن ‘وائلڈ لائف پناہ گاہ پر قابض ملیشیا کے سربراہ کو گرفتار کرلیا گیا

بدھ 27 جنوری 2016 16:38

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جنوری۔2016ء) امریکی پولیس نے کہا ہے کہ انھوں نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک مسلح ملیشیا کے سربراہ کو گرفتار کر لیا ہے ‘فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ‘ ایک زخمی ہوا ہے ‘یہ مسلح گروپ اوریگن میں ایک وائلڈ لائف پناہ گاہ پر قابض ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کے ملیشیا کے سربراہ ایمون بنڈی کے ساتھ پانچ دیگر افراد بھی ٹریفک کی چیکنگ میں پکڑے گئے ہیں ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا پولیس کے اس آپریشن میں وائلڈ لائف کی پناہ گاہ سے ان لوگوں کا قبضہ ختم ہوا ہے یا نہیں۔

بنڈی کی سربراہی میں خود ساختہ ملیشیا نے رواں ماہ کے اوائل میں وائلڈ لائف پناہ گاہ پر قبضہ کر لیا تھا۔امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ 40 سالہ بنڈی کو شاہراہ 225 پر ایک ٹریفک سٹاپ میں گرفتار کیا گیا اس کے ساتھ اس کے 43 سالہ بھائی رائن بنڈی، 44 سالہ برائن کیوالیئر، 59 سالہ شوانا کوکس، اور 32 سالہ رائن ویلن پین کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اوریگن کی پولیس اور ایف بی آئی کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مالہیئر نیشنل وائلڈ لائف ریفیوج پر قابض مسلح گروپ کے کئی افراد کوگرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی گئی جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی میں ایک شخص مارا گیاہم لوگ اس کے بارے میں طبی جانچ سے قبل کوئی معلومات فراہم نہیں کریں گے۔