آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا دورہ

خواتین قیدیوں کے وارڈز، نوعمر قیدیوں کے وارڈز، جیل کے کچن ، فیکٹری ، ہسپتال کے علاوہ حوالاتیوں و قیدیوں کی بیرکوں، ہائی رسک بیریکس اور سزائے موت سرکلزکا معائینہ کیا

منگل 26 جنوری 2016 21:47

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے منگل کے روز سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی کا دورہ کیا- سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ سعید اﷲ گوندل اور دیگر جیل حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-آئی جی جیل خانہ جات نے اپنے خصوصی دورے کے دوران خواتین قیدیوں کے وارڈز، نوعمر قیدیوں کے وارڈز، جیل کے کچن ، فیکٹری ، ہسپتال کے علاوہ حوالاتیوں و قیدیوں کی بیرکوں، ہائی رسک بیریکس اور سزائے موت سرکلزکا معائینہ کیا-آئی جی جیل خانہ جات نے مختلف قیدیوں و حوالاتیوں کی بیرکس کے دورے کے دوران اسیران کے مسائل سنے اور انہیں جلد حل کرنے کے لئے موقع پر احکامات دیئے-انہوں نے اس موقع پر اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی اور اسیران کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ جیل کے افسران اور عملہ سیکیورٹی کے حوالے سے ہر وقت الرٹ اور چوکنا رہے- انہوں نے جیل حکام کو سیکیورٹی مذید بہتر بنانے اور اسیران کی فلاح و بہبود کے حوالے سے ھدایات بھی دیں اور کہا کہ جیل افسران اس ضمن میں ترجیحی توجہ دیں- میاں فاروق نذیر نے مذید کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایت پر اڈیالہ جیل میں ٹیوٹا(tevta) جلد ہی قیدیوں کے لئے مختلف فنی و تربیتی کورسز کا آغاز کروا رہا ہے اور ایسے ٹیکنیکل کورسز کرنے والے قیدیوں کو باقائدہ اسناد جاری کی جائیں گی اور کورسز مکمل کرنے پر اسیران کو تین ماہ قید کی معافی دی جائے گی-قبل ازیں، آئی جی جیل خانہ جات کی سینٹرل جیل اڈیالہ آمد کے موقع پر انہیں جیل کی گارد اور جیل بینڈ نے سلامی دی - انہوں نے اس موقع پر سلامی اور کٹ پریڈ میں شامل 55ملازمین کو فی کس انعام دینے کا خصوصی اعلان کیا-

متعلقہ عنوان :