اسسٹنٹ کمشنر کا نجی تعلیمی اداروں کا دورہ ، ناقص سکیورٹی پر نوٹسز جاری کر دیئے

سکیورٹی کے بارے میں حکومتی ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے والے تعلیمی ادارے بند کر دیئے جائیں گے ، ڈاکٹر ستائش

منگل 26 جنوری 2016 21:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء)حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کیے گئے ایس او پی کے مطابق تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیئے اسسٹنٹ کمشنر کینٹ ڈاکٹر ستائش , ڈی ایس پی کینٹ اور ڈپٹی ڈی ای او ایجوکیشن نے منگل کو کنٹونمنٹ کے علاقے میں اے کٹیگری میں شامل روٹس انٹرنیشنل ,سپرنگ فیلڈ سکول, عسکریہ کالجز ,سینٹ جانز اور آرمی پبلک سکول رینج روڈ کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے لیئے اختیار کیے جانے والے انتظامات کی جانچ پڑتال کی․ دورے کے دوران آرمی پبلک سکول کے علاوہ متعدد سکولوں کے سکیورٹی انتظامات کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے خامیوں کی نشاندہی کی گئی․ دورے کے دوران بیکن ہاؤس پبلک سکول پشاور روڈ کی انتظامیہ کی طرف سے عدم تعاون کا مظاہرہ کیا گیا ․ اے سی کینٹ کی طرف سے سکیورٹی کے ناقص انتظامات پر تعلیمی اداروں کے منتظمین کو نوٹسز جاری کیے گئے اور متنبہ کیا گیا کہ اگر اگلے سات دن کے اندر سکیورٹی کے نقائص دور نہ کیے گئے تو ایسے سکول بند کر دیئے جائیں گے ․اے سی کینٹ ڈاکٹر ستائش نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کے معاملے میں کوئی کوتاہی نظر انداز نہیں کی جاسکتی ․ حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں واضع ہدایات جاری کی گئی ہیں اور جن سکولوں کی انتظامیہ طلباء و طالبات کی زندگی خطرے میں ڈالے گی ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔