کسان تنظیمیں آبیانہ کی 100 فیصد وصولی یقینی بنائیں نہروں کی تعمیرو مرمت کیلئے مناسب فنڈز دستیاب ہو سکیں‘یاور زمان

منگل 26 جنوری 2016 21:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ کسان تنظیمیں آبیانہ کی 100 فیصد وصولی یقینی بنائیں تا کہ نہروں کی تعمیرو مرمت کے لئے مناسب فنڈز دستیاب ہو سکیں۔یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں کسان تنظیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کہی۔

اجلاس میں جنرل مینجر (آپریشن) چوہدری اصغر حمید، جنرل منیجر(ایڈمن) چوہدری خاور نذیر ،ڈپٹی جنرل مینجر (ایڈمن) افضل انجم طور کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کسان تنظیموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے اجلا س کے شرکاء کو ہدایت کی کہ نہری انتظام و انصرام چلانے کے لئے آبیانہ کی وصولی ناگزیر ہے ۔

(جاری ہے)

اس اہم ترین مالی ذریعے کی سوفیصد وصولی کے لئے کسان تنظیموں کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے تا کہ یہ تنظیمیں اپنی راجباہوں کی بروقت تعمیر ومرمت کروا سکیں۔

اسی طرح آبیانہ کی بھر پور وصولی کی بدولت بڑی نہروں کی تعمیر ومرمت کے لئے درکار فنڈز بھی دستیاب ہوسکیں گے۔ صوبائی وزیر میاں یاور زمان نے اجلاس میں شریک افسران کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر کسان تنظیموں کی معاونت کریں اور ان کے روزمرہ امور کو چیک کریں تاکہ ان کی کارکردگی بہترہو سکے۔