پنجاب کو بزنس فرینڈلی صوبہ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے‘ شہبازشریف

سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے محکموں کو تعاون فراہم کرینگے،انفرادیت کیساتھ کام کرنا ہوگا، انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے تحت اقدامات پرعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جامع میکانزم مرتب کیا جائے ‘ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس ، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا

منگل 26 جنوری 2016 21:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ، جس میں صوبے میں صنعتکاری کے عمل کو تیزکرنے،سرمایہ کاری کے فروغ اورروزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کیلئے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی صوبہ پنجاب کی گروتھ سٹرٹیجی کا اہم جزہے اور پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لئے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی مرتب کی ہے جس پر عملدر آمد کر کے مقررکردہ اہداف کا حصول یقینی بنانا متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبے کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کا کردارانتہائی اہمیت کا حامل ہے اوراس ضمن میں نجی سرمایہ کاری گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے لہٰذا تمام متعلقہ وزراء ،سیکرٹریز اور محکمے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے اہداف کے حصول کیلئے کمربستہ ہوجائیں اوراس ضمن میں کاروبارکرنے کے طریقہ کار کو سہل بنانا ترجیح ہونی چاہیے تاکہ نہ صرف صنعتی عمل تیز ہوسکے بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی میسر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کو بزنس فرینڈلی صوبہ بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانا ہوں گے اور پنجاب حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے تحت مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے متعلقہ محکموں کو فعال اورموثر کردارادا کرنا ہوگا۔نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے محکموں کو ہر طرح کے وسائل اورمعاونت فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے تحت کیے جانے والے اقدامات پرعملدرآمد یقینی بنانے کیلئے جامع میکانزم مرتب کیا جائے اوراس ضمن میں مقررکردہ اہداف کے حصول کیلئے ٹائم لائن مقررکرکے ان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈکوموثر کردارادا کرنا ہوگا اوراپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے انفرادیت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی شرح نمو میں اضافہ کیلئے انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی پر عملدر آمد کیلئے پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے باہمی کوآرڈنیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں تاکہ انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے تحت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ ،صنعتی عمل تیزکرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے حقیقی معنوں میں نتائج حاصل کیے جاسکیں ۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ قائداعظم اپیرل پارک کا منصوبہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ایک اہم اقدام ہے لہٰذا اس منصوبے کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد کا پلان3ہفتے میں مرتب کر کے پیش کیا جائے۔ سیکرٹری صنعت نے صنعتی ترقی کا عمل تیزکرنے کے بارے میں انڈسٹریلائزیشن حکمت عملی کے حوالے سے مستقبل میں کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اﷲ ،چوہدری محمد شفیق،ملک ندیم کامران ،عائشہ غوث پاشا،چوہدری شیر علی،مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی،چیف سیکرٹری ،متعلقہ سیکرٹریز،ماہرین اقتصادیات اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :