افغان مصالحتی عمل پر اتفاق رائے کیلئے ٹھوس کاوشوں کی ضرورت ہے ، تمام شراکت دار امن عمل کی حمایت کیلئے ضروری اقدامات کریں ، پاکستان مصالحتی عمل میں مثبت اور خصوصی کردار ادا کر سکتا ہے،چینی وزیر خارجہ کی افغان ہم منصب کے ہمراہ مشترکہ پریس بریفنگ

منگل 26 جنوری 2016 21:04

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء /شنہوا) چین نے افغان مصالحتی عمل پر اتفاق کے لئے ٹھوس کاوشیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا جوتمام متعلقہ فریقین کے لئے قابل قبول ہوں ، افغان حکومت اور تمام سیاسی جماعتیں مناسب مصالحتی عمل کے لئے حکمت عملی تیار کریں ، پاکستان مصالحتی عمل میں مثبت اور خصوصی کردار ادا کر سکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے اپنے افغانی ہم منصب صلاح الدین ربانی کیساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں کیا ۔

چینی وزیر خارجہ نے امریکہ سمیت تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ افغان مصالحتی عمل کی حمایت کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔چین کو افغان عوام کے لئے قابل بھروسہ اور بااعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے وانگ ژی نے اس عزم کو دہرایا کہ چین افغانستان کی سربراہی اور ملکیت میں مصالحتی عمل کی بھرپور حمایت کرتا ہے ، افغان حکومت اور طالبان کے مابین امن مذاکرات کی بحالی پر زور دیتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چین امن مذاکرات کی بحالی کے لئے ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو کہ سازگار ماحول پیدا کر سکیں اور یہ سب چین کی سیکیورٹی کے مفاد میں بھی ہے ۔چینی وزیرخارجہ نے کہا کہ چین امن مذاکرا ت کی حمایت میں ہر قسم کا تعاو ن اور ثالثی فراہم کرتا رہے گا جبکہ مصالحتی عمل کے حوالے سے روس، ایران اور بھارت کے ساتھ بھی رابطوں کو بہتر بنایا جائے گا ۔

چین سٹریٹجک شراکت داری میں باہمی تعاون کو مضبوط کرنے، ترقی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں مشترکہ طور پرکام کرنے کو تیار ہیں ۔ اس موقع پر افغانی وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے چین کو افغانستان کا بہترین دوست قرار دیتے ہوئے مصالحتی عمل میں تعمیری اور اہم کردارادا کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ خطے میں مشترکہ خوشحالی اور باہمی رابطوں کو بہتر بنانے کے لئے افغانستان بیٹ اینڈ روڈ منصوبے میں شراکت دار بننے کو تیار ہے ۔قبل ازیں دونوں وزرائے خارجہ نے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چین اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

متعلقہ عنوان :