حکمران اپنی تجوریاں بھر نے کے لئے قومی اداروں کی نجکاری چاہتے ہیں علامہ مختار امامی

پی آئی اے ،ریلوے اور سٹیل مل سے کرپشن مافیا کا خاتمہ کریں تو یہ ادارے منافع بخش ثابت ہو سکتے ہیں، رہنما ایم ڈبلیو ایم سندھ

منگل 26 جنوری 2016 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) عوامی بنیادی ضروریات کو نظر انداز کر کے میٹرو پروجیکٹ کے نام کمیشن اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے کھربوں روپوں کا ضیاع ملکی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے،ملک بھر میں توانائی بحران کے سبب عوام مشکلات کا شکار ہے،گیس کی لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کو اس ٹھٹھرتی سردی میں دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا ہے،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مختارامامی نے صوبائی سیکرٹریٹ سولجربازارمیں اندرون سندھ سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے سستا اور منافع بخش میگھا پروجیکٹ پاک ایران گیس پائپ لائن کو اپنے بیرونی آقاوُں کی خوشنودی کے لئے پس پشت ڈال دیا گیا ہے،غیروں کی مفادات کی تکمیل کے لئے ملکی مفادات کو داوُ پر لگانے کا عمل ملکی ترقی و استحکام کے لئے خطرناک ثابت ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین قومی اداروں کی نجی کاری کے کیخلاف ہے،حکمران اپنی تجوریاں بھر نے کے لئے قومی اداروں کی نجکاری چاہتے ہیں،پی آئی اے ،ریلوے اور سٹیل مل سے کرپشن مافیا کا خاتمہ کریں تو یہ ادارے منافع بخش ثابت ہو سکتے ہیں،لیکن بدقسمتی سے ہمارے ان تمام اداروں پرکرپشن اور کمیشن مافیا کا راج ہے،مذہبی جنونی دہشت گردوں کیخلاف کاروائی کیساتھ ساتھ معاشی وسیاسی دہشت گردوں اور کرپشن مافیا کیخلاف بھی کاروائی کے بغیر ملکی ترقی و استحکام ممکن نہیں،پاکستان کی بقا کے لئے دہشت گردی کے خاتمے کیساتھ بے رحمانہ احتساب بھی ضروری ہے۔