پنجاب یونیورسٹی: بلوچستان، خیبر پختونخوا،سندھ، فاٹا، گلگت بلتستان کے طلباء وطالبات نے یونیورسٹی انتظامیہ کے حق میں ریلی نکالی

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 26 جنوری 2016 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 جنوری۔2015ء)پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ، فاٹا اور گلگت بلتستان کے طلبہ نے انسٹی ٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل اسٹڈیز سے لیکر فیصل آڈیٹوریم تک پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کے حق میں ریلی نکالی جس میں شریک طلباء نے یونیورسٹی میں اُنہیں دی جانے والی تعلیمی سہولیات کو سراہا۔

اس موقع پر طلباء نے پلے کارڈز اور بینزز اُٹھا رکھے تھے۔ طلباء کا کہنا ہے کہ بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخواہ، فاٹا اور گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوں کے بچوں کو یونیورسٹی میں مفت تعلیم فراہم کرنے کی سہولت سے اُنہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں آسانی ہوئی ہے۔ طلباء نے حکومت اور پنجاب یونیورسٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان علاقوں کے بچوں کو وظیفہ دینے کی پالیسی کو جاری رکھا جائے ۔

(جاری ہے)

طلباء نے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے سے بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی ۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے طلباء پر زور دیا کہ وہ لگن سے تعلیم حاصل کریں اور ڈگری حاصل کرنے کے بعد واپس اپنے صوبوں میں جاکر ترقی کے لیے کام کریں۔ریلی میں چیئرمین بلوچ کونسل زمانداد بلوچ، جنرل سیکریٹری اظہار حمید بلوچ، ایگزیکٹیو ممبر صفدر بلوچ، شفیع مینگل، مقبول لہڑی، صدام رئیسانی ، چیئرمین پشتون کونسل ابرار احمد خان، جنرل سیکریٹری مزمل خان، سینئر ممبر حبیب خان، فنانس سیکریٹری احمد خان ، چیئرمین سندھ کونسل حاجی جان محمدودیگر نے شرکت کی۔

اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے اظہار حمید بلوچ تمام طلباء طالبات کی جانب سے ڈاکٹرمجاہد کامران کی خدمات کو سراہا۔