جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنا تمام متعلقہ فریقین کی مشترکہ ذمہ داری ہے،چینی وزارت خارجہ

منگل 26 جنوری 2016 18:49

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء /شنہوا)چین نے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاملے کی کوششوں کو دوبارہ صحیح طریقے سے کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چنگ ینگ نے منگل کو معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے سمیت خطے میں امن واستحکام کو تحفظ فراہم کرنا صرف چین کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس کے لئے تمام فریقین کی مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

چینی وزارت خارجہ کی جانب سے یہ بیان امریکہ کی جانب سے کورین خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاملہ کو چین سے منسلک کرنے کے بعد سے سامنے آیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ چین کو امید ہے کہ تمام متعلقہ فریقین اور ممالک اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اور چین کے ساتھ مل کر اس معاملے کو صحیح سمت میں لانے کی کوشش کریں گے ۔واضح رہے کہ کورین خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے معاملے پر مذاکرات کا آغاز2003میں ہوا تھا جو کہ 2008میں معطل ہو گیا ۔شمالی کوریا نے 2009میں مذاکرات سے علیحدگی اختیار کر لی تھی ۔ مذاکرات میں چین ، شمالی کوریا، جنوبی کوریا، امریکہ روس اور جاپان حصہ لے رہے تھے۔