پاکستان تحریک انصاف بر سر اقتدار آکرفاٹا میں ایف سی آر جیسے کالے قانون کو ختم کریگی ، قبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کیاجائیگا ،مرکز میں حکومت میں آکر قبائلی عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے ، قبائلی علاقوں میں بسنے والوں کی پاکستان سے محبت ہر قسم کے شک و شبہ سے بالاتر ہے

تحریک انصاف کے سینئر رہنماشاہ محمود قریشی کامہمند میں تاریخی جلسہ عام سے خطاب

منگل 26 جنوری 2016 18:43

مہمند(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے ایف سی آر جیسے کالے قانون کے خاتمے اور قبائلی علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق میں بر سراقتدار آکر کی حکومت ایف سی آر جیسا کالا قانون بھی فوری طور پر ختم کرے گی، تحریک انصاف مرکز میں برسراقتدار آتی ہے تو قبائلی عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے ،فاٹا کے جرات مند اور عظیم قبائلی عوام کو خراج تحسین پیش کرنے آئے ہیں، قبائلی علاقوں میں بسنے والے پاکستان کی وطن عزیز سے محبت ہر قسم کے شکوک و شبہ سے بالاتر ہے ۔

وہ منگل کو مہمند میں جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فاٹا کے عوام نے ہمیشہ ذاتی مفادات کو قومی مفادات کے سامنے سرنگوں کیا ہے اور وطن عزیز کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں تاہم بدقسمتی سے فاٹا کے عوام کو گزشتہ ایک دہائی سے سنگین حالات کا سامنا ہے جبکہ وفاقی حکومت نے یہاں کے عوام کی فلاح و ترقی کیلئے کچھ کیا نہ ہی انہیں اس مقام و مرتبے سے نوازا جس کے وہ حقدار تھے۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی بھائیوں کی فلاح تحریک انصاف کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اگر تحریک انصاف مرکز میں برسراقتدار آتی ہے تو قبائلی عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایف سی آر جیسا کالا قانون بھی فوری طور پر ختم کرے گی اور قبائلی عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے گی۔

مہمند ایجنسی میں فقید المثال جلسہ عام کا اہتمام کرنے پر انہوں نے منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور مقامی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ اس سے قبل تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی رہنما نے سابق وزیر خارجہ اور ممتاز سفارتکار صاحبزادہ یعقوب علی خان کی رحلت پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قوم و ملک کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صاحبزادہ یعقوب علی خان ایک زیرک اور منجھے ہوئے سفارتکار تھے جنہوں نے عالمی سطح پر موثر انداز میں قوم کی نمائندگی اور قومی مفادات کا تحفظ کیا۔ پاکستان کیلئے ان کی گرانقدار خدمات کے معترف ہیں۔ اپنے بیان میں تحریک انصاف کے رہنما نے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔