ملک بھر میں توانائی بحران کے سبب عوام مشکلات کا شکار ہے‘ علامہ عبدالخالق اسد

گیس کی لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کو ٹھٹھرتی سردی میں دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا‘سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین

منگل 26 جنوری 2016 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء ) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کہاہے کہ عوامی بنیادی ضروریات کو نظر انداز کر کے میٹرو پروجیکٹ کے نام کمیشن اور اپنے کاروبار کو وسعت دینے کے لئے کھربوں روپوں کا ضیاع ملکی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے،ملک بھر میں توانائی بحران کے سبب عوام مشکلات کا شکار ہے،گیس کی لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کو اس ٹھٹھرتی سردی میں دو وقت کی روٹی سے بھی محروم کر دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں جنوبی پنجاب سے آئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے سستا اور منافع بخش میگھا پروجیکٹ پاک ایران گیس پائپ لائن کو اپنے بیرونی آقاوُں کی خوشنودی کے لئے پس پشت ڈال دیا گیا ہے،غیروں کی مفادات کی تکمیل کے لئے ملکی مفادات کو داوُ پر لگانے کا عمل ملکی ترقی و استحکام کے لئے خطرناک ثابت ہوگا،ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین قومی اداروں کی نجی کاری کے کیخلاف ہے،حکمران اپنی تجوریاں بھر نے کے لئے قومی اداروں کی نجکاری چاہتے ہیں،پی آئی اے ،ریلوے اور سٹیل مل سے کرپشن مافیا کا خاتمہ کریں تو یہ ادارے منافع بخش ثابت ہو سکتے ہیں،لیکن بدقسمتی سے ہمارے ان تمام اداروں پرکرپشن اور کمیشن مافیا کا راج ہے،مذہبی جنونی دہشت گردوں کیخلاف کاروائی کیساتھ ساتھ معاشی وسیاسی دہشت گردوں اور کرپشن مافیا کیخلاف بھی کاروائی کے بغیر ملکی ترقی و استحکام ممکن نہیں،پاکستان کی بقا کے لئے دہشت گردی کے خاتمے کیساتھ بے رحمانہ احتساب بھی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :