جاری و نئے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ،معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر بر وقت تکمیل یقینی بنائی جائے، کمشنر کوہاٹ کی ھنگو کے قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں کو ہدایت

منگل 26 جنوری 2016 17:40

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین نے ضلع ہنگو کے قومی تعمیر نو محکموں کے سر براہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع میں جاری اور نئے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کریں اور کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ان کی بر وقت تکمیل یقینی بنائیں تاکہ دہشت گردی سے بری طرح متاثرہ اس ضلع کے عوام کے احساس محرومی کا خاتمہ کرکے ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوں ۔

یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع ہنگو کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ ایس ای آبنوشی کوہاٹ امجد خان ،ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر آفتاب احمد ،ایکسین سی اینڈ ڈبلیو ہنگو ریاض خان اور دوسرے محکموں کے متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تعلیم ،صحت ،مواصلات و تعمیرات ،آبپاشی ،آبنوشی ،جنگلات ،زراعت ،لائیو سٹاک ،سماجی بہبود اور بلدیات و دیہی ترقی کے شعبوں میں مجوزہ ،جاری اور نئے منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔

کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے DHQہسپتال ہنگو کی نئی عمارت کوجلد از جلد چالو کرنے اور 24کلو میٹر طویل ہنگو کو ہاٹ روڈ کودو رویہ کرنے کا کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ عوامی مفاد کے ان دونوں منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرائیں اور اس سلسلے میں اگر انہیں ان کی دفتر کی خدمات کی ضرورت ہو تو بھی فراہم کریں گے۔مسرت حسین نے ڈویژنل مانیٹرنگ ٹیم کو بھی ہدایت کی کہ وہ ڈویژن بھر میں اپنی سرگرمیاں تیز کرکے ترقیاتی کاموں کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے تمام ترقیاتی کاموں کی کڑی نگرانی کرے اور جہاں کہیں بھی کام معیار کے مطابق نہ ہو ان کے علم میں لائیں تاکہ ذمہ دار افراد چاہے سرکاری ہو یا پرائیوٹ کے خلاف کاروائی کریں ۔

انہوں نے تمام محکموں کے حکام سے کہا کہ وہ مانیٹرنگ ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اسے مطلوبہ معلومات فوری طور پر فراہم کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی منصوبے پر کام شروع کرنے سے پہلے واپڈا کے ساتھ معاملات طے کئے جائیں تاکہ ترقیاتی منصوبے غیر ضروری تاخیر کے شکار نہ ہوں ۔