پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کااجلاس

شاہراؤں کی تعمیر پر کام کی رفتار کو تیز اورمعیار کو یقینی بنانے کی ہدایت

منگل 26 جنوری 2016 17:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے مواصلات وتعمیرات اکبرایوب خان کی زیرصدارت پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کااجلاس منگل کے روز سی اینڈ ڈبلیو سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو انجینئر محمد آصف خان، سابق وزیریوسف ایوب ،مینیجنگ ڈائریکٹر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی انجینئر اعجاز یوسفزئی کے علاوہ پی کے ایچ اے اورمحکمہ مواصلات وتعمیرات کے اعلیٰ افسران نے بھی شر کت کی۔

ایم ڈی پی کے ایچ اے اعجاز یوسفزئی نے صوبے میں جاری میگا پراجیکٹس اور شاہراہوں کی تعمیر سے متعلق اجلاس کو تفصیلی طورپر آگاہ کیا۔ اجلاس کوبتایا گیا کہ پختونخوا ہائی وزیز اتھارٹی کے زیرانتظام جاری منصوبوں پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق بھرپور کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشیر مواصلات وتعمیرات نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شاہراہوں کی تعمیر پر کام کی رفتار کو تیز اورمعیار کو یقینی بناتے ہوئے بروقت تکمیل کے لئے تمام تراقدامات اٹھائے جائیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کوہری پور بائی پاس کے لئے اراضی کے حصول کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہری پور بائی پاس کے لئے اراضی کو جلدازجلد حاصل کرکے سرکارکے نام منتقل کیاجائے تاکہ اس منصوبے پر کام کاآغاز علاقے کے عوام کی خواہشات کے عین مطابق کیاجاسکے۔ اجلاس کے شرکاء نے مشیر مواصلات کو ہری پوربائی پاس سے متعلق فنڈز کی کمی کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔اکبر ایوب نے کہا کہ وہ فنڈزکی کمی سے متعلق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ خصوصی طورپر معاملہ اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی بروقت اورمعیاری تکمیل میں فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دیاجائے گا۔