انتظامیہ کی بے حسی، تلہ گنگ کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے‘ چودھری پرویزالٰہی

حافظ عمار یاسر اور شیخ سعید کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عدلیہ اور میڈیا سے نوٹس لینے کا مطالبہ

منگل 26 جنوری 2016 17:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) تلہ گنگ انتظامیہ کی بے حسی کی وجہ سے کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے، بلدیہ سے منظور شدہ نقشے کے مطابق تعمیر عمارات کو بھی سیاست کی نذر کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے حافظ عمار یاسر اور شیخ سعید احمد کی قیادت میں تلہ گنگ کی سیاسی و سماجی شخصیات کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت نے ذاتی عدوت کی بنا پر تلہ گنگ شہر کو تجاوزات ہٹانے کی مہم کے نام پر عوام کی رہائشی اور کمرشل عمارتوں کو توڑ کر شہر کو کھنڈر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، شہر کی سماجی شخصیت حافظ عمار یاسر کو اسی بنا پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند نہ کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، بلدیہ آرڈیننس کے مطابق اگر حکومت کسی شہری کی زمین لینا چاہتی تو مارکیٹ کے حساب سے رقم ادا کرنے اور باضابطہ تحریری نوٹس دے مگر ضلعی انتظامیہ نے اس قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔

پاکستان مسلم لیگ اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتی ہے، عدلیہ اور میڈیا سے اپیل ہے کہ وہ تاریخی شہر تلہ گنگ کو کھنڈر بننے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ حکام اس وقت نوٹس لیں گے جب تلہ گنگ عراقی شہر بغداد کی طرح کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہو گا۔