آرمی چیف کی طرف سے اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا بیان قابل تعریف ہے، صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر

منگل 26 جنوری 2016 16:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا بیان قابل تعریف ہے اس سے قوم میں ان کی محبت اور مقبولیت اور بڑھ گئی ہے لیکن ساتھ ساتھ قوم میں ایک تشویش اور اضطراب بھی پیدا ہو گیا ہے کہ دھشت گردی اور کرپشن کے خلاف جس اہم کام کاجنرل راحیل شریف نے آغاز کیا تھاوہ پائیہ تکمیل تک کیسے پہنچے گا؟کیونکہ حکومتوں میں شامل ملک کو لوٹنے اور تباہ کرنے والے افراد جو ان کی موجود گی میں اس آپریشن کے اندرطرح طرح کی رکاوٹیں ڈال رہے ہیں وہ ان کے جانے کے بعد ان کے اس مشن کو کبھی بھی پائیہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے یہی وجہ ہے کہ ایسے عناصران کے اس بیان پر بڑی خوشی اور مسرت کا اظہار کررہے ہیں اور ان کو اپنے اس فیصلہ پر نظر ثانی کی اپیل کرنے کی بجائے اپنی قلبی مسرت کو ان الفاظ میں بیان کررہے ہیں کہ حکومت جنرل راحیل شریف کو توسیع پر مجبور نہیں کریگی ۔

(جاری ہے)

قوم کا جنرل راحیل شریف سے یہی مطالبہ ہے کہ اگر ان کا یہ فیصلہ حتمی اور آخری ہے تو وہ اپنے بعد ایسا انتظام کر کے جائیں کہ ان کے مشن میں کوئی رکاوٹ نہ ڈال سکے اور ان کا مشن پائیہ تکمیل کو پہنچے اور پاکستان امن وسلامتی اور ترقی کا گہوارہ بنے۔

متعلقہ عنوان :